پارکنگ فیس کیلئے بدمعاش بٹھائے جاتے ہیں:سندھ ہائیکورٹ

پارکنگ فیس کیلئے بدمعاش بٹھائے جاتے ہیں:سندھ ہائیکورٹ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے غیر قانونی پارکنگ فیس وصول کرنے کے خلاف دائر درخواست پر غیر قانونی پارکنگ فیس وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا اور فریقین کے وکلا کو آئندہ سماعت پر تیاری کے ساتھ پیش ہونے کی بھی ہدایت کردی۔

 پیرکو جسٹس محمداقبال کلہوڑو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔ سماعت کے دوران جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کا اپنے ریمارکس میں کہنا تھا کہ اگر کسی کے پاس 20 روپے نہیں ہوتے تو یہ لوگ اس معزز شہری کو بے عزت کرتے ہیں، لوگ اپنی فیملیوں کے ساتھ جاتے ہیں تو یہ لوگ 20 روپے کیلئے تنگ کرتے ہیں، ان کے خلاف کوئی کارروائی کیوں نہیں کرتا۔ پولیس والے کہتے ہیں ہمارا مسئلہ نہیں ٹریفک پولیس والے کہتے ہیں ہمارا مسئلہ نہیں۔ جو لوگ غیر قانونی طور پر پارکنگ فیس وصول کررہے ہیں ان کے خلاف فوری کارروائی کریں۔

دوران سماعت عدالت نے شہر میں جگہ جگہ غیر قانونی پارکنگ فیس وصولی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پورے شہر میں جگہ جگہ غیر قانونی پارکنگ فیس وصول کرنے والے موجود ہوتے ہیں، پارکنگ فیس وصول کرنے والوں نے بدمعاش لوگ بٹھائے ہوتے ہیں۔ سماعت کے دوران جسٹس عبدالمبین لاکھو نے استفسار کیا کہ پارکنگ فیس وصول کرنے کا کیا طریقہ کار ہے، اگر کسی کے گھر کے باہر گاڑی کھڑی ہو تو اس سے بھی فیس وصول کی جاتی ہے۔ جس پر ڈی ایم سی کیماڑی کے وکیل کا کہنا تھا کہ اس قسم کا کوئی طریقہ کار نہیں ہے۔

سماعت کے موقع پر جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کا کہنا تھا کہ کس جگہ کس گاڑی سے کتنی فیس وصول کرنی ہے اس کا نوٹیفکیشن دکھائیں تاہم متعلقہ حکام کی جانب سے فیس وصولی سے متعلق نوٹیفکیشن پیش نہیں کیا جاسکا۔ جس پر عدالت نے اظہار برہمی کیا۔ علاوہ ازیں سندھ ہائیکورٹ نے مبینہ ریلوے اراضی پر پٹرول پمپ بنانے کے خلاف درخواست پر متعلقہ حکام سے ریلوے اراضی کے حوالے سے جامع رپورٹ طلب کرلی۔ فاضل عدالت نے درخواست گزار سے ویلفیئر ٹرسٹ کا 10سالہ آڈٹ رپورٹ ریکارڈ بھی طلب کرلیا۔

پیر کو جسٹس سید حسن اظہر رضوی کی سر براہی میں دو رکنی بینچ نے شارع فیصل ڈرگ روڈ پر بنائے جانے والے پٹرول پمپس کے خلاف غیر سرکاری تنظیم میسرز آغائی ویلفیئر ٹرسٹ کی درخواست کی سماعت کی۔ سماعت کے موقع پر عدالت کا کہنا تھا کہ پٹرول پمپ ریلوے ٹریک کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے ، اگر پٹرول پمپ میں آگ لگی تو پوری ٹرین تباہ ہوجائے گی۔ دوران سماعت عدالت نے ریلوے کے وکیل کو حکم دیا کہ ایسا کچھ ہے تو لکھ کر دیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں