شہریوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے ،وزیر بلدیات

شہریوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے ،وزیر بلدیات

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسران کے ساتھ ایک اہم اجلاس ایس بی سی اے کے دفتر میں منعقد ہوا۔

 اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سلیم رضا کھوڑو اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کی گئی انہدامی کارروائیوں کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ اور عمارتوں کا ڈیٹا پیش کیا گیا جس میں بتایاگیا کہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لانے اور مشینری کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ڈیمالیشن اسکواڈ آؤٹ سورس سے حاصل کیا جارہا ہے اور اس ضمن میں مختلف زونز کے لئے اسپیشل اسکواڈ اور مشینری کرائے پر لی گئی ہے تاکہ انہدامی عمل کو بروقت مکمل کیا جاسکے ۔سید ناصر حسین شاہ نے افسران کو ہدایت کی کہ جمع شدہ پونجی کو اپنے گھر خریدنے کے لئے خرچ کرنے والے شہریوں کے حقوق کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ کسی عمارت کے خلافِ قانون ثابت ہونے پر ایسے شہریوں کی رقم کا تحفظ ہوسکے ۔

انہوں نے اس ضمن میں مناسب قانون سازی کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی ہمدردیاں اپنے شہریوں کے ساتھ ہیں جو اپنی زندگی بھر کی کمائی سے اپنا گھر بناتے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ غیر قانونی تعمیرات میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں