کنٹینر بردار بحری جہاز نکال لیا گیا

کنٹینر بردار بحری جہاز نکال لیا گیا

کراچی (بزنس رپورٹر) کراچی بندرگاہ پر کنٹینر بردار بحری جہاز MSC Emily II اسٹیئرنگ وہیل میں خرابی کے باعث بے قابو ہوکر کم گہرے پانی میں پھنس گیا جسے ٹگ بوٹس کی مدد سے رات گئے نکال لیا گیا۔

 کراچی پورٹ ٹرسٹ نے جمعرات کی دوپہر اپنے ایک بیان میں بتایا کہ افریقی ملک لائبیریا کی شپنگ لائن کا جہاز جو بھارت کی مندرہ بندرگاہ سے کراچی آرہا تھا، اسٹیئرنگ وہیل فیل ہونے کی وجہ سے گراؤنڈ ہوگیا، کے پی ٹی کے ٹگ بوٹس نے جہاز کو نکالنے اور دوبارہ گہرے پانی میں لانے کیلئے آپریشن شروع کردیا، جہاز پھنسنے کے باوجود کراچی پورٹ کا چینل (داخلی خارجی گزرگاہ) کھلا رہا اور جہازوں کی آمدورفت معمول کے مطابق جاری رہی۔

ادھر آپریشن میں حصہ لینے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ جہاز پھنسنے کی اطلاع 12 بجکر 44 منٹ پر ملی۔ جہاز چائنا پورٹ کی دیوار کے ساتھ کیماڑی آئل پیئر سے قریب میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کی چیک پوسٹ کے پاس پھنسا ہوا تھا، جسے نکالنے میں دشواری کا سامنا رہا اور دن میں کی جانے والی فوری کوششیں رات تک موخر کردی گئی تھیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں