کچے میں پولیس کا آپریشن،دو اغوا کار اسلحے سمیت گرفتار

کچے میں پولیس کا آپریشن،دو اغوا کار اسلحے سمیت گرفتار

گھوٹکی،اندرون سندھ (نمائندگان دنیا )رونتی کے کچے سے دس روز قبل اباڑو سے اغوا کیے گئے بھٹی برادری کے ڈھائی سالہ بچے عبدالاحد کی مقابلے میں بازیابی کے حوالے سے گھوٹکی پولیس نے بتایا ہے کہ اباڑوپولیس نے بچے کی منتقلی کی اطلاع پرتین بکتر بند گاڑیوں اور بھاری نفری کے ہمراہ کارروائی کی تو اغوا کاروں نے پولیس پرفائرنگ شروع کردی تاہم جوابی کارروائی پر بچے کو بازیاب کراکر دو اغوا کاروں وہاب گورگیج اور گلو عرف گلن گورگیج کو اسلحے سمیت گرفتار کرلیا گیا جبکہ مزید ڈاکوؤں کی گرفتاری کیلئے مزید نفری طلب کر لی گئی ہے ۔

پڈعیدن سے نمائندے کے مطابق مورو پولیس نے ساجد عرف ساجو ماچھی کو 3 کلو چرس ،بغیر لائسنس پستول اور 32 رائونڈز سمیت ،ثمن ماچھی کو80 بوتل شراب سمیت ، عابد سیال کو3520 ساشے گٹکوں سمیت ،کنڈیارو پولیس نے مظہر علی رند کو100 ساشے گٹکوں سمیت ،غلام شبیر منگریو کو100 ساشے گٹکوں سمیت، اخلاق کھوسو کو مسروقہ بکرے سمیت ،نوشہروفیروز سٹی پولیس نے ٹھارو خان کھوسو کوبغیر لائسنس پستول اور 5 رائونڈز سمیت گرفتار کرلیا۔محراب پور پولیس نے سیف اللہ راجپوت کو 10 لٹر شراب سمیت گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیاہے۔

پنگریو سے نمائندے کے مطابق سی آئی اے پولیس بدین ٹیم نے بدین گولارچی مین روڈ 25 چک کے قریب کراچی سے بدین آنے والی کارسے 40 کٹے گٹکا بنانے کا خام مال اور تیار شدہ 1000 گٹکے برآمد کرکے عبدالغفار پٹھان اور شوکت علی آرائیں کو گرفتار کرلیا جبکہ تھانہ کھورواہ کی حدود کارو گونگڑو اسٹاپ پرایک اور کار روک کر40 کٹے گٹکا بنانے کا خام مال اور 1000 تیار شدہ گٹکے برآمد کر سفیان علی آرائیں کو گرفتارکر لیا ،ٹنڈو باگو پولیس نے پنگریو مل سے چوری ہونے والی 2 لاکھ روپے کی ہیوی کاپر کیبل برآمد کرکے 5 ملزمان شاہنواز چانڈیو، علی محمد چانڈیو، کھیم چند کولہی، محمد صدیق چانڈیو اور عبدالمجید چانڈیو کوپستول اور 2 رائونڈزسمیت گرفتار کرلیا۔ دادو میں میڈیکل کالج کی طالبہ کی خودکشی کے کیس میں مطلوب مرکزی ملزم ثمن سولنگی کو پولیس نے خفیہ اطلاع پرپشاور کے علاقے صوابی میں کارروائی کرکے گرفتار کیا۔

قانونی کارروائی کے بعد ملزم کودادو لایا جائے گا۔پولیس کے مطابق ثمن سولنگی 16 دن سے مفرور تھا، ملزم نے جعلی نکاح نامہ بنوا کر کالج کی طالبہ کوبلیک میل کیا تھا جس سے تنگ آکر طالبہ نے مبینہ طور پر خودکشی کی تھی۔ پولیس نے 14 جنوری کو مرکزی ملزم ثمن سولنگی کے بیٹے فیضان سولنگی کو گرفتار کیا تھا جو واقعے میں ملوث تھا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں