سندھ ہائیکورٹ: کے ڈی اے آفیسر اسپورٹس کمپلیکس ختم، عوام کے لیے کھولنے کا حکم

سندھ ہائیکورٹ: کے ڈی اے آفیسر اسپورٹس کمپلیکس ختم، عوام کے لیے کھولنے کا حکم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے کے ڈی اے کو آفیسر اسپورٹس کمپلیکس فی الفور ختم کرنے اور کمپلیکس عوام الناس کے لیے کھولنے کا حکم دے دیا ہے۔

فاضل عدالت نے ڈائریکٹر جنرل کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی ، ڈی جی ایس بی سی اے اور ایڈووکیٹ جنرل سندھ سمیت دیگر مدعاعلیہان کو نوٹس جاری کردئیے ۔ پیرکوجسٹس سید حسن اظہر رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کھیل کے میدان پر کے ڈی اے آفیسراسپورٹس کمپلیکس کی غیر قانونی تعمیرات سے متعلق سید شیراز محمد زیدی و دیگر کی درخواست کی سماعت کی۔ سماعت کے موقع پر عدالت نے استفسار کیاکہ کھیل کے میدان پر ذاتی اسپورٹس کمپلیکس کیسے بنایاجاسکتا ہے۔ جس پر درخواست گزار کے وکیل انورعلی شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی میں ایس ٹی 25 بلاک 14 گلستان جوہر پر کھیل کا میدان تھا،کھیل کے میدان پر کے ڈی اے نے اپنا آفیسراسپورٹس کمپلیکس بنالیا ہے۔

اس سے قبل سپریم کورٹ کی ہدایت پرکمرشل سرگرمیاں ختم کی گئیں۔ دوران سماعت عدالت نے ہدایت کی کہ ماسٹر پلان کے تحت کھیل کے میدان کو بحال اور پارک کو صرف پارک کے مقاصد کے لیے استعمال کیا جائے۔ علاوہ ازیں سندھ ہائی کورٹ نے سندھ میں21 ہزار 310 سے زائد اسامیوں پر بھرتیوں میں بے ضابطگی کے خلاف ایم کیو ایم پاکستان کی رکن قومی اسمبلی کشور زہرہ و دیگر کی درخواست کی سماعت وقت کی کمی کے سبب بغیر کارروائی ملتوی کر دی۔ فاضل عدالت نے سندھ میں سرکاری ملازمتوں پر بھرتیوں کے خلاف حکم امتناع برقرار رکھا ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں