آئی بی اے داخلہ ٹیسٹ،کامیاب طلبہ میں انٹرمیڈیٹ کا محض 18فیصدحصہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے )کراچی کے بیچلرز کے داخلہ ٹیسٹ میں 78فیصد اے لیول کے طلبہ نے کامیابی حاصل کی،انٹرمیڈیٹ کا حصہ محض 18فیصد جبکہ 2فیصد دوسرے بیرون ملک بورڈز کا رہا۔
اے لیول کے 1244 طلبہ آئی بی اے کے مختلف بیچلر ز پروگرام کے ٹیسٹ میں کامیاب ہوئے ۔ انٹرمیڈیٹ کے 310اور دوسرے بورڈز کے 30 طلبہ کامیاب ہوئے ۔ آئی بی اے کراچی کے اعدادوشمار کے مطابق سات بیچلرز پروگرامز کے لیے 7718 درخواستیں موصول ہوئیں جبکہ داخلہ 1548 امیدواروں کو دیا گیا۔ سب سے زیادہ درخواستیں بی بی اے پروگرام کے لیے موصول ہوئیں جن کی تعداد 3374 تھی جب کہ داخلہ 424 امیدواروں کو دیا گیا۔