راہزنی کی وارداتیں 16 فیصد بڑھ گئیں:پولیس چیف کا اعتراف

راہزنی  کی   وارداتیں  16 فیصد  بڑھ  گئیں:پولیس  چیف  کا  اعتراف

کراچی (بزنس رپورٹر) ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے کراچی میں راہزنی کی وارداتوں میں 16 فیصد اضافے کے اعتراف کے ساتھ ہی شہر میں دیگر جرائم اور دہشت گردی کے واقعات کی شرح میں کمی کا دعویٰ بھی کردیا۔

منگل کو سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری میں صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے کہاکہ گزشتہ ہفتے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں سیف سٹی پراجیکٹ پر اہم اجلاس ہوا ، یہ منصوبہ جلد شروع کیا جائیگا، سیف سٹی پروجیکٹ کا مرکزی دفتر 10 منزلہ عمارت پر مشتمل ہوگا، پولیس کے نظام کو اسمارٹ کارڈ سسٹم پر منتقل کر رہے ہیں، اس کے علاوہ پولیس کے لیے باڈی کیم منگوا لیے ہیں،کراچی میں کوئی ایس ایچ او باڈی کیم کے بغیر پیٹرولنگ نہیں کرے گا، جبکہ جدید کیمروں سے لیس پیٹرولنگ گاڑیاں ساؤتھ زون سے شروع کررہے ہیں، اس مقصد کے لیے 3 ملین کی لاگت سے پولیس پیٹرولنگ وین تیار کرلی گئی ہے۔ اس موقع پر صدر سائٹ ایسوسی ایشن ریاض الدین، چیف ایگزیکٹو ٹڈاپ زبیر موتی والا، کے سی سی آئی کے صدر طارق یوسف، سلیم پاریکھ، یونس بشیر، عبدالقادر بلوانی، محمد حسین موسانی اور دیگر صنعتکاروں نے بھی خطاب کیا۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کا مزید کہنا تھا کہ شہر بھر میں اسٹریٹ کرائمز کی شرح بڑھی ہے، خاص طور پر صنعتی علاقوں میں مستقل بنیادوں پر امن کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے تاجر برادری سے مشاورت اور ان کی تجاویز پر غو کر کے سازگار ماحول فراہم کیا جا سکتا ہے۔ صنعتی علاقوں میں ٹرک مافیا کے خلاف ٹیم کو ہدایات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم صنعتی علاقوں میں قبضہ مافیا کے خلاف ایکشن کے لیے بھی تیار ہیں، ملک میں جاری معاشی بحران کے اثرات صنعتی علاقوں پر مرتب ہو رہے ہیں، جبکہ بے روزگاری بڑھنے سے امن و امان کی صورتحال خراب ہوسکتی ہے۔ انہوں نے صنعت کاروں کو یقین دہانی کرائی کہ کراچی پولیس 2013-2014 جیسے حالات دوبارہ نہیں ہونے دے گی، بزنس مین محمد لاکھانی پر قاتلانہ حملے کی تحقیقات جلد منطقی انجام تک پہنچے گی، صنعتکار پر حملے کے کیس کو جلد حل کرلیا جائیگا، اس کیس میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے نظام کو اسمارٹ کارڈ سسٹم سے منسلک کررہے ہیں۔ انہوں نے سائٹ میں 2 برس سے خالی ایس پی کی نشست پر تعیناتی کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے بتایا کہ شہر قائد میں تعینات800 پولیس اہلکاروں کو سی پیک سیکیورٹی سے واپس بلایا جا رہا ہے، عنقریب شہر کیلئے پانچ ہزار پولیس اہلکاروں کو بھرتی کیا جائیگا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں