تاجروں کو سازگار ماحول کی فراہمی ترجیح، ڈی جی رینجرز سندھ

تاجروں کو سازگار ماحول کی فراہمی ترجیح، ڈی جی رینجرز سندھ

کراچی (بزنس رپورٹر) ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل اظہر وقاص نے نارتھ کراچی کے صنعتکاروں کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ معیشت کے استحکام کیلئے کاروبار اور صنعت کا استحکام بہت ضروری ہے۔۔۔

 تاجر برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، ہماری اولین ترجیح ہے کہ بزنس کمیونٹی کو پرامن اور سازگار ماحول فراہم کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیکٹر کمانڈر بریگیڈیئر الطاف احمد کے ہمراہ نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (نکاٹی) کے دورے کے موقع پر اجلاس سے خطاب میں کیا۔ اجلاس میں نکاٹی کے صدر فیصل معیز خان، سینئر نائب صدر شبیر اسماعیل، نائب صدر نعیم حیدر، نسیم اختر، سید عظیم علی، سید یاسر علی، فاروق کھاتوڑا، سید طارق رشید، آصف مقصود بھی موجود تھے۔ ڈی جی رینجرز سندھ نے فیصل معیز خان کی جانب سے صنعتی ایریا میں امن وامان سے متعلق مسائل کی نشاندہی پر اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صنعتکار برادری کی جان ومال کے تحفظ اور امن وامان کی صورتحال کو ہر صورت بہتر بنانے کے لیے موثر اقدامات کئے جائیں گے، اس ضمن میں پاکستان رینجرز سندھ کی جانب سے نفری بھی بڑھائی جائے گی۔ نکاٹی کے صدر فیصل معیز خان نے ڈی جی رینجرز کا خیرمقدم کرتے ہوئے نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں امن وامان کی صورتحال بہتر بنانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں