کلک کے اشتراک سے نشترپارک کو بہتربنایا جائے گا

کلک کے اشتراک سے نشترپارک کو بہتربنایا جائے گا

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کلک اور ڈی ایم سی ایسٹ کے اشتراک سے نشتر پارک کی تعمیر وترقی کے حوالے سے ایک آگاہی اور مشاورتی اجلاس نشتر پارک میں منعقد ہوا جس میں ایڈمنسٹریٹر ڈی ایم سی ایسٹ سید شکیل احمد، میونسپل کمشنر فہیم خان کے ساتھ کلک کے نمائندگان نے شرکت کی۔

کلک کی جانب سے شرکا کو نشتر پارک کی تعمیروترقی کے حوالے سے آگاہی فراہم کی گئی جس پر موجود شرکا نے پروجیکٹ کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں اور کلک اور ڈی ایم سی ایسٹ کو پروجیکٹ سے قبل آرا حاصل کرنے پر سراہا۔اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر ڈی ایم سی ایسٹ سید شکیل احمد نے کہا کہ ضلع شرقی میں موجود نشتر پارک تاریخی اہمیت کا حامل ہے ، سیاسی، سماجی اور مذہبی سرگرمیوں کا مرکز ہونے کی وجہ سے ملک بھر میں اس کی شناخت ہے ، کلک کے اشتراک سے نشتر پارک کو بہتر بنایا جارہا ہے ، نشتر پارک کی بہتری سے قبل شہریوں کو مدعو کیا گیا ہے کہ وہ آئیں اور پروجیکٹ پر اپنی رائے دیں اور یہ بات خوش آئند ہے کہ موجود شرکا نے پروجیکٹ پر اپنی آرا کا اظہار کرنے کے ساتھ اچھی تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی آرا ہمیشہ مفید ثابت ہوتی ہیں، پروجیکٹ سے قبل اسی طرح تجاویز لی جائیں تو پروجیکٹ کی خامیاں دور کرنے میں مدد ملتی ہے اور پروجیکٹ میں رہنے والی کمی بھی دور ہو جاتی ہیں۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں