شوگرملزبچت بازاروں کیلئے چینی سستی فراہم کریں،سہیل راجپوت

 شوگرملزبچت بازاروں کیلئے چینی سستی فراہم کریں،سہیل راجپوت

کراچی (اسٹاف رپورٹر)چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت سے شوگر ملز ایسوسی ایشن کے تین رکنی وفد نے احمد ابراہیم ہاشم کی سربراہی میں ملاقات کی۔ ملاقات میں سیکریٹری محکمہ انڈسٹریز عبدالرشید سولنگی بھی شریک ہوئے ۔

اس موقع پر چیف سیکریٹری ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے کہاکہ حکومت سندھ نے صوبے کی تمام تحصیلوں میں بچت بازار لگائے ہیں،کراچی میں 28 بچت بازار لگائے گئے ہیں۔ بچت بازاروں میں تمام اشیا کو مارکیٹ سے سستا بیچا جا رہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت نے 78 لاکھ خاندانوں کو آٹے کی مد میں سبسڈی دی ہے اور یہ رقم آج سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے لوگوں کو ملنا شروع ہو جائے گی۔ چیف سیکریٹری نے شوگر ملز ایسوسی ایشن کے وفد کو کہا کہ وہ بھی چینی کی قیمت کو کم کریں اور حکومت سندھ کے قائم کردہ بچت بازاروں میں چینی  سستے داموں میں فراہم کریں۔ ملاقات میں پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن (سندھ) کے وفد نے سندھ حکومت کے قائم کردہ بچت بازاروں میں چینی 95 روپے کلو تک فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے چیف سیکریٹری سے کہا حکومت سندھ ان کو سیکیورٹی فراہم کرے تو  تمام بچت بازاروں میں مارکیٹ سے کم قیمت پر چینی فراہم کریں گے ۔ اس دوران چیف سیکریٹری ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے سیکریٹری انڈسٹریز کو شوگر ملز ایسوسی ایشن سے رابطے میں رہنے کی ہدایت کی۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں