الخدمت کے 53فلٹریشن پلانٹس سے پینے کے پانی کی فراہمی

 الخدمت کے 53فلٹریشن پلانٹس سے پینے کے پانی کی فراہمی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)الخدمت کے کلین واٹر پروجیکٹ کے تحت شہرکے مختلف علاقوں میں 53واٹر فلٹریشن پلانٹس شہریوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کر رہے ہیں ۔ تمام پلانٹس کے ذریعے کراچی کے شہریوں کو عالمی معیار کے مطابق پانی فراہم کیا جا رہا ہے ۔

 یہ بات چیف ایگز یکٹو الخدمت کر اچی نوید علی بیگ نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہی ۔انہوں نے کہا کہ صاف پانی زندگی ہے، یومیہ ہزاروں لوگ پینے کے پانی سے استفادہ کر رہے ہیں ،جبکہ الخدمت کی موبائل واٹر وینز شہر کے مختلف عوامی مقامات پر موجود رہتی ہیں ،جہاں سے لوگوں کوافطار کے موقع پر پینے کا ٹھنڈا اور صاف پانی مفت فراہم کیا جاتا ہے ۔الخدمت کے تحت پی آئی بی کالونی میں ایک واٹرٹیسٹنگ لیب بھی قائم ہے جہاں باقاعدگی سے پانی کے معیار کو چیک کیا جاتا ہے ۔کسی بھی پلانٹ کی خرابی کی صورت میں ماہر تکنیکی ٹیم بھی موجود ہے ۔ الخدمت کی جانب سے شہر میں 3مقامات پرواٹر ڈسپنسنگ مشین ( اے ڈی ایم)کے ذریعے پانی کی فراہمی کی سروس دی جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ الخدمت نے شہر کی مساجد ،اسپتالوںاور کالجوں میں بڑی تعداد میں واٹر چلر نصب کیے ہوئے ہیں جبکہ اسکولوں ،جامعات ،پولیس اسٹیشنز ودیگر مقامات پر بھی الخدمت کے واٹر فلٹریشن پلانٹس لوگوں کو مفت پانی کی فراہمی کا ذریعہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ اہل خیر صاف پانی کی فراہمی کے اس منصوبے میں الخدمت کا ساتھ دیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں