مردم شماری و دیگر مسائل پرآج جئے سندھ محاذ کی ہڑتال

مردم شماری و دیگر مسائل پرآج جئے سندھ محاذ کی ہڑتال

حیدر آباد، اندرون سندھ (نمائندگان دُنیا) جئے سندھ محاذ کے چیئرمین ریاض علی چانڈیو نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل مردم شماری،غیر مقامی افراد کی آباد کاری، پانی کی قلت، ڈاکو راج اور بچوں کے اغوا کے خلاف آج 28 مئی کوپورے سندھ میں دی گئی پرامن ہڑتال کی کال کامیاب ہوگی ۔

وہ حیدرآباد پریس کلب میں پمفلٹ تقسیم کرتے ہوئے صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے ، انہوں نے کہا کہ ہم ایسی ڈیجیٹل مردم شماری کو مسترد کرتے ہیں جس سے سندھی اقلیت بن جائیں ،انہوں نے مطالبہ کیا کہ افغانوں، برمیوں، بنگالیوں اور دیگر غیر ملکیوں کو ملک بدر کیا جائے اور پھر مردم شماری کرائی جائے ، انہوں نے کہا کہ کراچی کی آبادی ایک کروڑ چالیس لاکھ ظاہر کی گئی ہے جس میں چالیس لاکھ افغانی باشندے ہیں اس طرح کی مردم شماری کا مقصد سندھ کے اصل باشندوں کو ان کے حق سے محروم کرنا ہے۔ جیکب آباد سے نمائندے کے مطابق جمعیت علمائے اسلام،اقلیتی برادری اور شہریوں کی جانب سے کمسن ثمرت کمار کی بازیابی کے لیے ایک احتجاجی مظاہرہ جے یو آئی کے ضلعی امیر ڈاکٹر اے جی انصاری کی قیادت میں دفتر جے یو آئی جیکب آباد سے نکالا گیا، مظاہرین شہید سرفراز چوک کاشی رام پل پر دھرنا دیکر بیٹھ گئے اور ٹریفک معطل کردی انہوں نے کہا کہ کمسن ثمرت کمار کا کندھ کوٹ سے اغوا سندھ حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے ،پہلے ڈاکو عورتوں اور بچوں کا خیال کرتے تھے لیکن آج کل انہوں نے انسانیت کی حد پار کردی ہے انہوں نے ثمرت کمار سمیت تمام مغویوں کی بازیابی کا مطالبہ کیا۔ میرپورماتھیلو سے نمائندے کے مطابق چھ روز قبل کندھ کوٹ سے اغوا تین سالہ بچے ثمرت کمار کی بازیابی کے حوالے سے میرپورماتھیلو میں ہندو تاجر برادری کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی اور کہا گیا کہ ڈاکوؤں کی جانب سے بچے کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کی گئی جس میں بچے کے ہاتھ باندھ کر بچے کے سامنے کھانا رکھا گیا تھا ایسی وڈیو دیکھ کر ہر صاحبِ اولاد کا دل پھٹ کر رہ گیا ہے ۔ انہوں نے آئی جی سندھ اور وزیر اعلیٰ سے بچے کی فوری بازیابی کی اپیل کی۔ کرم پور میں گرڈ اسٹیشن سے اغوا سیپکو ملازم جمیل برڑو اور ٹرانسفارمر مستری آصف آرائیں کے اہل خانہ ، ہائیڈرویونین اور شہریوں نے مغویوں کی بازیابی کے لیے انڈس ہائی وے پر دھرنا دیکر احتجاج کیا اور ٹائر جلا کر روڈ بلاک کردیا۔انہوں نے کہا کہ دونوں افراد کے اغوا کو چار دن ہوگئے لیکن پولیس اب تک انہیں بازیاب نہیں کراسکی ۔انہوں نے مغویاں کی جلد بازیابی کا مطالبہ کیا۔ گھوٹکی سے نمائندے کے مطابق گھوٹکی نیشنل پریس کلب کے عہدیداروں چیئرمین چودھری حبیب اللہ آرائیں ،صدر ایم اے ڈھر اور دیگرنے گوجرہ کے سینئر صحافی ناصر صدیق پر قاتلانہ حملے کے شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ سارے ملک میں صحافی برادری پر ظلم کیا جارہا ہے انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ صحافی برادری کو تحفظ فراہم کرے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں