حیدرآباد میں حیسکو کا پانچ گھنٹے شٹ ڈائون کا اعلان

حیدرآباد میں حیسکو کا پانچ گھنٹے شٹ ڈائون کا اعلان

حیدرآباد،شہدادکوٹ(نمائندگان دُنیا) حیسکو کی جانب سے 29مئی تک روزانہ 5گھنٹے شٹ ڈائون کا اعلان کیا گیا ہے جس سے جامشورو روڈ پر واقع نیو فلٹر پلانٹ اور اولڈ فلٹر پلانٹ سمیت واسا کے متعدد واٹر سپلائی یونٹس متاثر ہونے کے سبب تینوں تعلقوں میں فراہمی آب بند رہے گی۔

ایچ ڈی اے میڈیا سیل کے مطابق حیسکو کی جانب سے آغاخان فیڈرپر مرمتی کام کے سلسلے میں بجلی کی فراہمی بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے اور یہ مرمتی کام 3روز تک جاری رہے گا،اس دوران روزانہ صبح 8بجے سے دوپہر ایک بجے تک بجلی کی فراہمی معطل رہے گی ۔ واسا حیدرآباد نے واضح کیا ہے کہ بجلی بحال ہونے کے باوجود پانی کی نارمل سپلائی میں ایک سے دو دن بھی لگ جاتے ہیں لہذا صارفین زحمت سے بچنے کے لیے اپنی ضرورت کے مطابق پانی کا ذخیرہ رکھیں۔ شہدادکوٹ سے نمائندے کے مطابق دریائے سندھ کے سکھر بیراج سے نکلنے والی کیرتھر کینال کو کم پانی کی فراہمی کے باعث قمبر شہدادکوٹ ضلع اور بلوچستان کے علاقوں میں پانی کی شدید قلت دو ماہ گزرنے کے باوجود نہ صرف برقرار ہے بلکہ شہدادکوٹ شہر سمیت متعدد علاقوں میں پینے کے لئے بھی پانی میسر نہیں۔ سکھر بیراج سے کیرتھر کینال کے حصے کا پانی 2890 کیوسک ہے جس میں 700 کیوسک پانی بلوچستان کے میدانی علاقوں کے لئے ہے جبکہ تاخیر سے کھولی گئی اس کینال کو صرف 500 کیوسک پانی دیا جا رہا ہے ۔ اس صورتحال کے باعث کاشتکار دھان کی فصل کی کاشت شروع نہیں کرسکے ہیں۔سندھ آبادگار بورڈ کے رہنماؤں عبدالخالق کھوسو، ذوالفقار جمالی اور دیگر نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر مکمل پانی فراہم کرکے علاقے کو خشک سالی سے بچایا جائے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں