پولیس کی اسپیشل پارٹی کا گٹکے کی اطلاع پر اہم شخصیت کی رہائشی عمارت پر چھاپہ

پولیس کی اسپیشل پارٹی کا گٹکے کی اطلاع پر اہم شخصیت کی رہائشی عمارت پر چھاپہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کلری میں پولیس کی اسپیشل پارٹی کا گٹکے کی اطلاع پر اہم شخصیت کی رہائشی عمارت پرچھاپہ، کارروائی کے دوران کچھ برآمد نہیں ہوا، جس کے بعد پولیس کی اسپیشل پارٹی کے خلاف انکوائری شروع ہوگئی۔

 اس سلسلے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ کلری تھانے کی حدود لیاری جمعہ بلوچ روڈ پر واقع ایک رہائشی عمارت پر پیر اور منگل کی درمیانی شب پولیس کی اسپیشل پارٹی نے ہیڈ کانسٹیبل جبران کی سربراہی میں چھاپہ مارا، اس دوران عمارت کے تمام کمروں کی تلاشی لی گئی۔ علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق مذکورہ عمارت ایک اہم خاتون شخصیت کی ہے۔ کارروائی کے دوران کچھ نہ ملنے پر لوگوں نے وہاں شور مچایا اور پولیس کے اعلیٰ افسران کو بھی طلب کرلیا۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ہیڈ کانسٹیبل جبران کی ٹیم نے دو روز قبل اسی علاقے سے کچھ خواتین کو بھی گرفتار کیا تھا، جو گٹکے کی فروخت میں ملوث تھیں۔ ایس ایس پی سٹی سے اس سلسلے میں رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم ان سے رابطہ ممکن نہیں ہو سکا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں