کراچی پریس کلب میں پہلے سولر پارک کا افتتاح

کراچی پریس کلب میں پہلے سولر پارک کا افتتاح

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے کہا ہے کہ کراچی پریس کلب کو سولر سسٹم کی فراہمی سندھ حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی کا تحفہ ہے، کراچی پریس کلب کی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے لیے ولیج الیکٹرک پلان کے تحت بجلی فراہم کی جائے گی۔

سرکاری عمارتوں سمیت جیلوں کو بھی سولرائز کرنے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو کراچی پریس کلب میں پہلے سولر پارک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی، سیکریٹری شعیب احمد، گورننگ باڈی کے ارکان، سابق صدر فاضل جمیلی، امتیاز فاران، سابق سیکریٹری رضوان بھٹی، ارمان صابر اور دیگر بھی موجود تھے۔ امتیاز شیخ نے مزید کہا کہ یہ مجموعی طور پر 100 کلو واٹ کا منصوبہ ہے، جس میں سے 60 کلو واٹ بجلی فراہم کی جارہی ہے، جلد 40 کلو واٹ کا بھی اضافہ کردیا جائے گا، سرکاری عمارتوں، جیلوں کو بھی سولرائز کیا جائے گا،2 لاکھ گھروں کو سولرائز کیا جارہا ہے، لوگوں کو مہنگی بجلی سے نجات دلانا ہمارا مقصد ہے۔ وزیر توانائی نے کہا کہ بیرونی محاذ پر بلاول بھٹو زرداری نے بہت اچھا کام کیا ہے، جن ممالک کے ساتھ تعلقات اچھے نہیں تھے ان کو بہتر کیا گیا ہے، سی پیک منصوبے پر کام کو آگے بڑھایا گیا ہے، عمران خان نے ملکی معیشت کو خراب کیا اور ہر کام میں رکاوٹ ڈالی، سستی بجلی میں عمران خان نے رکاوٹ ڈالی، تحریک انصاف ملک دشمن جماعت ہے، ہر قصور وار کو اس کے کئے کی سزا ملے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں