گلستان جوہر میں خوفناک آتشزدگی سے 80 جھگیاں خاکستر
کراچی (اسٹاف رپورٹر) گلستان جوہر رابعہ سٹی کے قریب پلاٹ پر خوفناک آتشزدگی کے باعث 80 جھگیاں خاکستر ہو گئیں۔
تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر بلاک 13 رابعہ سٹی کے قریب پلاٹ پر قائم جھگیوں میں اچانک آگ بھڑک اٹھی ، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے دیگر جھگیوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لینا شروع کر دیا۔ مکینوں نے اپنے طور پر آگ بجھانے کی کوشش کی اور اندر موجود بچوں اور سامان کو محفوظ مقام پر منتقل کرنا شروع کر دیا۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچ گیا اور آگ بجھانے کا عمل شروع کر دیا۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق مجموعی طور پر چار گاڑیوں نے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا ۔ آتشزدگی کے باعث وہاں قائم 80 جھگیاں مکمل طور پر خاکستر ہو گئیں ، جبکہ 55 جھگیوں کو جلنے سے بچالیا گیا، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ آگ لگنے کے باعث جھگیوں میں موجود تمام سامان جل کر راکھ کا ڈھیر بن گیا۔ آتشزدگی کے دوران وہاں کے مکین بے بسی کی تصویر بنے رہے ۔ جھگیوں میں رہنے والی اکثر خواتین گھروں میں کام کرتی ہیں ، جو واقعہ کے وقت کام پر گئی ہوئی تھیں۔