رکشا ڈرائیور ٹریفک پولیس کیخلاف احتجاج کے دوران روپڑا

 رکشا ڈرائیور ٹریفک پولیس کیخلاف احتجاج کے دوران روپڑا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی پریس کلب کے سامنے رکشا ڈرائیور ٹریفک پولیس کے جبری چالان کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے رو پڑا۔ رکشا رجسٹریشن نمبر ڈی 16966 کے ڈرائیور کا کہنا تھا کہ صدر میں ٹریفک پولیس کی جانب سے اس کا دوبار520 روپے کا چالان کیا گیا جبکہ ایک روز قبل ہی اس نے چالا ن جمع کرایا ہے۔

 رکشا ڈرائیور نے کہا کہ ہفتے میں 2 سے 3 بار اس کا چالان کیا جاتا ہے، صبح سے 150 روپے کمائے ہیں، آدھا دن گزر گیا ہے، کبھی پرمٹ تو کبھی فٹنس کے نام پر چالان کیا جا رہا ہے۔ ڈرائیور کا کہنا تھا کہ کرایہ کا گھر ہے، بجلی اور گیس کا بل بھی ہے، اگر چالان میں ہی ساری کمائی جمع کرادوں گا تو بچوں کو کہاں سے کھلاؤں گا۔ ایس ایس پی ٹریفک ڈسٹرکٹ سٹی آصف علی جکھرانی نے وائرل ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے رکشا ڈرائیور سے رابطہ کر کے اسے اپنے دفتر بلایا اور اس سے معلومات حاصل کیں۔ ایس ایس پی نے رکشا ڈرائیور کی مالی حالت کو دیکھتے ہوئے چالان ادا کر دیا، جبکہ رکشا  ڈرائیور کو ٹریفک قوانین کی پاسداری کا کہا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں