تعلیمی اداروں میں نشہ آور اشیا کا استعمال بڑھ رہا، ڈاکٹر سعد

تعلیمی اداروں میں نشہ آور اشیا کا استعمال بڑھ رہا، ڈاکٹر سعد

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نگراں وزیر صحت ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے اینٹی نارکوٹکس فورس کراچی کا دورہ کیا۔ انچارج اے این ایف سندھ کمانڈر انور اور پراجیکٹ ڈائریکٹر شہید بے نظیر بھٹو اے این ایف ماڈل ایڈکشن ری ہیبلی ٹیشن سینٹر لیفٹیننٹ کرنل (ر) پرویز حسین سے ملاقات کی۔

کمانڈر اے این ایف سندھ انور نے صوبائی وزیر کو محکمے کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی۔ ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے اے این ایف کے تحت حکومت سندھ کے تعاون سے چلنے والے شہید بے نظیر بھٹو اے این ایف ماڈل ایڈکشن ری ہیبلی ٹیشن سینٹر منگھوپیر کا دورہ کیا اور وہاں منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے لیے کیے جانے والے اقدامات و سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر لیفٹیننٹ کرنل (ر) پرویز حسین نے نگراں وزیر صحت کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سندھ میں اے این ایف کے تحت پانچ بحالی مراکز ہیں، جو ملیر، لیاری، منگھوپیر، حیدرآباد اور سکھر میں موجود ہیں، ہمارے پاس پانچوں سینٹرز میں 485 افراد کے داخلے کی گنجائش موجود ہے، تاہم سب سے خطرناک بات یہ ہے کہ 7 ہزار سے زائد مریض ہماری ویٹنگ لسٹ میں موجود ہیں، جس سے منشیات کے بے تحاشا استعمال کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ منشیات کے عادی زیادہ تر مریضوں کو انکے رشتہ داروں کی جانب سے نشہ کی لت میں لگایا جانا افسوسناک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں میں اس وقت نشہ آور اشیا کا استعمال بڑھ رہا ہے جبکہ لوگوں کو نشہ آور اشیا باآسانی میسر آرہی ہیں، والدین بچوں پر خصوصی توجہ دیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں