نوڈیرو،گڑھی خدابخش میں مرتضیٰ بھٹو کی برسی منائی گئی

نوڈیرو، اندرون سندھ (نمائندگان دنیا) پیپلز پارٹی (ش ب) کی جانب سے شہید مرتضیٰ بھٹو کی 27 ویں برسی گڑھی خدابخش بھٹو میں عقیدت و احترام سے منائی گئی، برسی میں پیپلز پارٹی شہید بھٹوکی ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر غلام حیدر ناریجو، سلیم چنہ سمیت دیگر نے شرکت کر کے شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر مزار پر قرآن خوانی کی گئی جبکہ کارکنوں کی بڑی تعداد نے شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید میرمرتضیٰ بھٹو،شہید شاہنواز بھٹو سمیت دیگر شہدا کے مزاروں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے فاتحہ خوانی کی جبکہ پی پی شہید بھٹو کی چیئرپرسن غنویٰ بھٹو نے لبنان سے اپنے ایک آڈیو بیان میں کہا کہ ستائیس سال قبل ملک دشمن عناصر نے پولیس کے ہاتھوں میر مرتضیٰ بھٹو کو ساتھیوں سمیت شہید کروایا لیکن اتنے عرصے بعدبھی ہمیں انصاف نہیں ملا، عدالت نے اس کیس کو چند دن قبل ری اوپن کیا ہے ،ضروری ہے کہ اس مقدمے کو شفاف طریقے سے چلایا جائے تاکہ تمام ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لاکر سزا دی جائے۔ اس مقدمہ میں 120گواہان کو سنا گیا اس مقدمے کا فیصلہ ایک بہادر جج ہی سنا سکتا ہے۔ سکھر سے نمائندے کے مطابق سکھر اسمال ٹریڈرز نے محکمہ خوراک کے تعاون سے اناج بازار میں بھی سستے آٹے اور چینی کے اسٹال کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن نے کہا کہ سستے اسٹال پرعوام کو چینی 140 روپے کلو اور آٹا 125 روپے کلو فروخت کیا جا رہا ہے۔ لاڑکانہ سے نمائندے کے مطابق پرائم منسٹرٹیلنٹ ہنٹ یوتھ اسپورٹس پروگرام کے تحت بیڈ منٹن لیگ کے سلسلے میں سندھ کی بوائز اور گرلز بیڈ منٹن ٹیموں کی تشکیل کیلئے ٹرائلز کا پانچواں اور آخری مرحلہ لاڑکانہ کے کھوڑو اسپورٹس کمپلیکس کے جمنازیم میں شروع ہوگیا ۔دو روزہ ٹرائلز کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی میئر لاڑکانہ انور علی لہر تھے جنہوں نے ٹرائلز کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ ٹنڈوآدم میں الخدمت فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام آنکھوں کے وائرس سے بچاؤ کی آگاہی کے لئے ایک کیمپ تعلقہ اسپتال ٹنڈوآدم میں لگایا گیا جس کا افتتاح تعلقہ اسپتال کی ایم ایس ڈاکٹر کلثوم عمرانی اور ممتاز سماجی شخصیت سید اقبال علی نے کیا۔ کیمپ میں 500 مریضوں کا مفت معائنہ کیا گیا اور مفت ادویات دی گئیں۔ ٹنڈوالہ یار میں جامعہ عربیہ فاروقیہ میں پانچواں ایک روزہ اصلاحی روحانی نقشبندی اجتماع منعقد ہوا جس میں حضرت مولانا سید پیر محمد قریشی خانقہ مسکین پور شریف مظفر گڑھ نے خصوصی طور پر شرکت کی اور کہا کہ اس وقت ملک انتشار ، بحرانوں سے دوچار ہے جسکی سب سے بڑی وجہ دین سے دوری ہے ، ہر پاکستانی کو چاہیے کہ وہ اس ہیجانی کیفیت سے نکلنے کے لیے اللہ سے رجوع کرے ۔ اجتماع میں اجتماعی طور پر مراقبہ بھی کیا گیا جبکہ شرکاء کے لیے لنگر کا بھی انتظام تھا بعد ازاں ملکی سلامتی ، تعمیر و ترقی بھائی چارگی کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔
مرتضیٰ بھٹو برسی