الخدمت:باہمت یتیم بچوں کی سالانہ ہیلتھ اسکریننگ کا آغاز

 الخدمت:باہمت یتیم بچوں کی سالانہ ہیلتھ اسکریننگ کا آغاز

کراچی (اسٹاف رپورٹر) الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے تحت باہمت یتیم بچوں کی سالانہ ہیلتھ اسکریننگ کا آغاز ہوگیا۔ پہلے مرحلے میں 785 بچوں کی ہیلتھ اسکریننگ کی گئی، جس کا اہتمام کورنگی ،گلشن حدید اور نارتھ کراچی کے الخدمت اسپتالوں اور میڈیکل سینٹر میں کیا گیا۔

اس موقع پر الخدمت آرفن کیئر پروگرام اور الخدمت اسپتال کے ذمہ داران موجود تھے۔ باہمت بچوں کو ڈاکٹرز کی تجویز کردہ دوائیں مفت فراہم کی گئیں۔کیمپ میں بچوں کے ہمراہ ان کی مائیں اور سرپرست بھی موجود تھے۔ ڈاکٹروں نے بچوں کی آنکھوں ،دانتوں ،ناک ،کان، گلے اور دیگر جنرل امراض کے حوالے سے معائنہ کیا۔ بعض بچوں کو آنکھوں اور دانتوں کے حوالے سے علاج بھی تجویز کیا گیا، جو الخدمت کی جانب سے مفت کیا جائے گا۔ ڈاکٹروں نے بچوں کو اچھی صحت برقرار رکھنے سے متعلق مفید مشورے بھی دیے۔ ہیلتھ اسکریننگ کیمپوں میں متعدد بچوں کے ڈاکٹروں کی جانب سے تجویز کردہ ٹیسٹ بھی کیے گئے۔ دریں اثنا ایگزیکٹو ڈائریکٹر الخدمت کراچی راشد قریشی نے کہا ہے کہ الخدمت جہاں باہمت بچوں کی گھروں پر کفالت کرتی ہے وہیں ان کی صحت سے متعلق ایشوز کا بھی خیال رکھتی ہے، ہیلتھ اسکریننگ کا مقصد یہی ہے کہ ان بچوں کی صحت کا خیال رکھا جائے اور انہیں اچھی صحت برقرار رکھنے سے متعلق شعور دیا جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پہلے مرحلے میں 785 بچوں کی ہیلتھ اسکریننگ ہوئی ہے، مختلف مراحل میں کل 1700 باہمت یتیم بچوں کا میڈیکل چیک اپ کیا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں