22غیر قانونی ہائیڈرنٹس مسمار ،متعدد کنکشن منقطع

کراچی (اسٹاف رپورٹر )’’کراچی کا پانی کراچی کی عوام تک کے تحت‘‘کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے پاکستان رینجرز، قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت سندھ پولیس کی مدد سے 15 ستمبر سے 20 ستمبر تک کی گئی۔
کارروائیوں میں مجموعی طور پر مختلف نوعیت کے 22 غیر قانونی ہائیڈرنٹس مسمار اور متعدد غیر قانونی کنکشن منقطع کردیے ۔واٹر کارپوریشن ایچ ٹی ایم کی 84، 66، 54، 33 سمیت ایس بی ایل اولڈ اور نیو کی لائنوں میں لگائے گئے غیر قانونی ہائیڈرنٹس مسمار اور غیر قانونی کنکشن منقطع کردیے گئے ہیں جب کہ پانی چوری میں ملوث ملزمان کے خلاف ڈیفنس، جمشید کوارٹرز، پیر آباد، سچل اور منگھوپیر تھانے میں 25 ایف آئی آر درج کروائی گئی ہیں۔واٹر کارپوریشن حکام کے مطابق پانی چوروں کے خلاف کارروائیوں سے اورنگی، قصبا، بنارس، نیو کراچی، کیماڑی سمیت منگھوپیر میں پانی کی فراہمی میں مزید بہتری آئی ہے۔ اس موقع پر سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمد کا کہنا تھا کہ پانی چوروں کو کسی بھی صورت نہیں چھوڑا جائے گا کیونکہ پانی پر صرف شہریوں کا حق ہے ، اس لیے شہریوں کے حصے کا پانی کسی کو چوری کرنے کی اجازت نہیں دیں گے جبکہ شہر بھر میں موجود تمام غیر قانونی ہائیڈرنٹس مسمار اور غیر قانونی کنکشن منقطع کیے جائیں گے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ’’ کراچی کا پانی کراچی کے عوام تک‘‘ کے تحت شہر بھر میں پانی چوروں کے خلاف بلا تفریق مزید کارروائیاں کی جائیں گی۔