ایس بی سی اے کو کرپشن سے پاک کرنے کی ہدایت

ایس  بی  سی  اے  کو  کرپشن  سے  پاک  کرنے  کی  ہدایت

کراچی (سٹاف رپورٹر)نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے محکمہ بلدیات کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے مختلف ونگز کو فعال کرے اور بالخصوص سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور واٹر بورڈ سمیت دیگر شعبوں سے کرپشن کو پاک کریں ۔

غیر قانونی ہائیڈرنٹس آسان رقم کا ایک بڑا ذریعہ بن چکے ہیں اور یہ سب ناقابل قبول ہے ۔اجلاس سے خطاب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایس بی سی اے میں کرپشن نے حکومت کو بدنام کردیا ہے ۔ ایس بی سی اے میں ہر منظوری پر (غیر قانونی) رقم خرچ ہوتی ہے اور کوئی لے آؤٹ پلان اس وقت تک منظور نہیں ہوتا جب تک کہ انکی جیب گرم نہ کی جائے ۔ انہوں نے وزیر بلدیات مبین جمانی کو ایس بی سی اے کو کرپشن سے پاک کرنے کی ہدایت کی۔نگراں وزیراعلیٰ نے کہا کہ عارضی طور پر قائم کالونیوں کو پانی فراہم کرنے کیلئے ہائیڈرنٹس لگائے گئے لیکن یہاں شہر میں ہائیڈرنٹس پیسے کمانے کا ذریعہ بن چکے ہیں۔ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ واٹر بورڈ کے سات سرکاری ہائیڈرنٹس ہیں۔ جس پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کے پاس کام کرنے کیلئے ایک مناسب نظام، طریقہ کار اور اصول ہونا چاہیے ۔ میئر کراچی نے بتایاکہ پولیس نے غیر قانونی ہائیڈرنٹس چلانے پر 70 افراد کو گرفتار کیا ہے اور 17 واٹر ٹینکرز کو ضبط کیا ہے ۔نگراں وزیراعلیٰ نے محکمہ بلدیات کو ہدایت کی کہ غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف کارروائیاں تیز کی جائیں اور ایسی غیر قانونی تجارت کی اجازت نہ دی جائے ۔ وزیراعلیٰ نے اس بات پر برہمی کا اظہار کیا کہ گٹر بہہ رہے ہیں جس سے سڑکوں کو نقصان پہنچ رہاہے ۔ انہوں نے واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کو ہدایت کی کہ وہ اپنے سیوریج سسٹم کے مناسب کام کو یقینی بنائے ۔ کمشنر کراچی سلیم راجپوت نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ ان کے دفتر میں ایک ڈیسک قائم کیا گیا ہے جہاں (ایل ڈی پیز) ڈیل کیے جارہے ہیں۔ نگراں وزیراعلیٰ نے محکمہ بلدیات اور کے ایم سی کو ہدایت کی کہ وہ اہم سڑکوں، چوراہوں اور علاقوں کو خوبصورت بنانے کیلئے اقدامات کریں تاکہ انکی خوبصورتی نظر آئے ۔ وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو بھکاریوں اور نشے کے عادی افراد کے خلاف مہم شروع کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ہیروئن کے عادی افراد کو بحالی مراکز اور بھکاریوں کو پناہ گاہ کی ضرورت ہو تو انہیں ایدھی ہوم منتقل کیا جائے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں