اداروں کو سیاست سے بالاتر ہو کر ٹھیک کیا جانا چاہیے ،میئر
کراچی(آن لائن)میئرکراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ اداروں کو سیاست سے بالاتر ہو کر ٹھیک کیا جانا چاہیے بصورت دیگر ادارے تباہی کا شکار ہوجاتے ہیں، لوگ اکثر معاملات خراب کرنا چاہتے ہیں مگر ہمیں تمام تر تنقید کے باوجود اداروں کو بہتر بنانا ہے ۔
یہ بات انہوں نے باغ ابن قاسم میں کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کی گورننگ باڈی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر میونسپل کمشنر سید افضل زیدی، پرنسپل کے ایم ڈی سی ڈاکٹر نرگس انجم اور گورننگ باڈی کے دیگر اراکین بھی موجود تھے ۔میئر کراچی نے مزید کہا کہ ماضی میں بے انتہا بے ضابطگیاں کی گئیں، مختلف ادوار میں بڑی تعداد میں ملازمین بھرتی کئے گئے جس سے اداروں پر مالی بوجھ پڑا اور کے ایم سی طبی اداروں کو چلانے میں ناکام نظر آئی، ہمیں حقیقت پسندانہ سوچ اپنانا ہوگی اور تمام سیاسی جماعتوں کو مخالفت برائے مخالفت کی روش کو چھوڑ کر بہتری کے عمل میں تعاون کرنا ہوگا ،کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں تعلیمی معیار اور دیگر سہولیات بہتر بنانے کے لئے فیس اسٹرکچر پر نظر ثانی کرنا ضروری ہے کیونکہ مالی نظم و ضبط کے بغیر ادارے چلانا ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ جو بچے پرائیویٹ اسکولوں سے بھاری فیسیں ادا کرکے ایم بی بی ایس اوربی ڈی ایس میں داخلہ لیتے ہیں ان سے کے ایم سی صرف 50 ہزار روپے سالانہ فیس لیتی ہے جو کسی پرائیویٹ اسکول کی ایک ماہ کی فیس کے برابر ہے ۔