کھوکھراپار ملیر میں پانی کا کنکشن بحال کرنے کا حکم
کراچی (این این آئی) سندھ ہائی کورٹ نے کھوکھراپار ملیر کے علاقے میں پانی کا کنکشن منقطع کرنے سے متعلق درخواست پر واٹر بورڈ حکام کو درخواست گزار کے پانی کا کنکشن بحال کرنے اور بدھ (کل) کو 11بجے کارروائی کرنے کا حکم دے دیا۔
پیرکو ایم ڈی واٹر بورڈ، چیف انجینئر، ایگزیکٹو انجینئر کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اور دیگر کیخلاف توہین کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالت کے حکم پر واٹر بورڈ حکام پیش ہوئے ۔ درخواستگزار کے وکیل اخلاق مہدی ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ ہماری لائن کو منقطع کرکے پانی کہیں اور منتقل کردیا گیا۔ جن کو پانی کا کنکشن دیا گیا ہے وہ علاقے میں پانی فروخت کررہے ہیں۔ مسلسل انہیں کورٹ میں بلایا جارہا ہے لیکن واٹر بورڈ کی جانب سے کوئی نہیں آرہا۔