میہڑ :فائرنگ و دیگر واقعات میں 6افراد جاں بحق
میہڑ،اندرون سندھ (نمائندگان دنیا)میہڑ میں بی سیکشن تھانے کی حدود میں بیٹو روڈ پر مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے سرور چانڈیو نامی شخص کو قتل کردیا۔پولیس ذرائع کے مطابق مقتول موٹر سائیکل پر شہرآیا تھا ۔۔
اور خریداری کے بعد گاؤں جانے کیلئے روانہ ہوا تھا،اس دوران موٹرسائیکل سواروں نے اسے گولیوں کا نشانہ بنا دیا۔مقتول کی لاش کافی دیر تک جائے وقوعہ پر پڑی رہی ۔پولیس ذرائع کے مطابق مقتول کاشتکار تھا،تاہم اس کے قتل کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں۔ علاوہ ازیں میہڑ کے سندھی بٹڑا کے علاقے میں اچانک گولی چل جانے سے نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ پولیس ذرائع کاکہناہے کہ نوجوان جانی سولنگی زرعی زمین پر پرندوں کا شکار کر رہا تھا کہ اچانک بندوق چل جانے سے شدید زخمی ہو گیا، جس کو اسپتال منتقل کیا جارہا تھا،تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ پولیس کے مطابق واقعے کی تفتیش کی جا رہی ہے ۔ لاڑکانہ کے نواحی گاؤں ودھو لاشاری میں 25 سالہ معذور الیکٹریشن محبوب علی لاشاری نے پھندا لگا کر خودکشی کرلی،تاہم خودکشی کرنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی جب کہ لاڑکانہ کے تھانے سول لائن کی حدود پرانے بس اسٹیشن پل سے گزرنے والی رائس کینال سے نومولود کی لاش برآمد ہوئی۔علاقہ مکینوں نے لاش کی موجودگی کی اطلاع پولیس کو دی ،جس پر پولیس نے پہنچ کر لاش ایدھی رضاکاروں کے حوالے کردی،رضاکاروں نے لاش کی دودائی قبرستان میں تدفین کی۔ سکھر میں چار روز قبل ہونے والے سلنڈر دھماکے کے مزید 2 زخمی چل بسے جس کے بعد اموات کی تعداد 6 ہوگئی ۔گمس انتظامیہ کے مطابق اسپتال میں زیر علاج امجد چنہ اور لیاقت جمالی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے ۔ جام نواز علی تھانے کی حدود گاؤں پرائمری اسکول مولا بخش ملوکانی میں ڈیوٹی سے واپس جانے والے 58 سالہ ٹیچر یار محمد ملوکانی کو موٹر سائیکل سوار وں نے اندھا دھند فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ شہداد کوٹ میں 2 مختلف حادثات میں خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔اطلاعات کے مطابق موٹروے ایم 8 پر کار حادثے کا شکار ہوکر تالاب میں گرگئی ،جس کے باعث افضل قریشی اور ان کا 14 سالہ بیٹا زوہیب موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے ۔ دوسرے واقعے میں دو موٹر سائیکلوں میں تصادم کے دوران خاتون شمشاد چانڈیو جاں بحق ہوگئیں جبکہ بلوچ خان چانڈیو زخمی ہو گیا۔ علاوہ ازیں قمبر شہدادکوٹ کے علاقے وارہ میں ایک ماہ قبل اجتمائی زیادتی کا نشانہ بننے والی 18 سالہ نازیہ چنا گز شتہ روز کراچی کے نجی اسپتال میں دم توڑ گئی جبکہ واقعہ کا مقدمہ درج ہونے کے باوجود پولیس تاحال تمام ملزمان کو گرفتار نہیں کرسکی ۔