ملیر میں نالوں پر بنی دکانیں جلد مسمار کرنے کی ہدایت

ملیر میں نالوں پر بنی دکانیں جلد مسمار کرنے کی ہدایت

کراچی(اے پی پی)ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہا ہے کہ ملیر میں نالوں پر بنی دکانیں جلد مسمار کر دی جائیں، سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق نالوں پر بنی دکانوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ، محکمہ اسٹیٹ کے ایم سی کے کرایہ داروں کو فوری طور پر بقایات جات کی ادائیگی کیلئے چالان جاری کرے ۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کواپنے دفتر میں محکمہ اسٹیٹ سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ سینئر ڈائریکٹر اسٹیٹ، ڈائریکٹر ٹرمینل اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ اجلاس کے دوران ڈائریکٹر اسٹیٹ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں کے ایم سی کی مارکیٹوں کے دکانداروں کو ادائیگی کیلئے چالان جاری کیے جا رہے ہیں جبکہ نالوں پر بنی دکانوں کو سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق مسمار کرنے کیلئے کارروائی بھی جلد ہی شروع ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ کے ایم سی کی مارکیٹوں میں قائم تجاوزات کو بھی ختم کیا جا رہا ہے تاکہ وہاں کاروبار کرنے والے دکانداروں کو سہولت فراہم کی جا سکے ، اس کے علاوہ پانی و بجلی کی فراہمی اور صفائی ستھرائی کیلئے انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں۔ ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے مزید کہا کہ یہ تمام کام بروقت مکمل کر لیے جائیں، ہماری اولین ترجیح کے ایم سی کی مارکیٹوں کو بہتر بنانا اور تجاوزات کا خاتمہ کرنا ہے جس کے لیے اقدامات شروع کردیے گئے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں