12 ربیع الاول:جلوسوں کی گزرگاہیں ، ٹریفک پلان مرتب
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی ٹریفک پولیس نے کل 12 ربیع الاول کو نکلنے والے جلوسوں اور متبادل روٹس کیلئے پلان مرتب کرلیا۔مرتب کردہ پلان کے مطابق دعوت اسلامی کے زیر اہتمام کل دوپہرڈھائی بجے نکلنے والے مرکزی جلوس کا آغاز شہید مسجد کھارادر سے ہوگا۔
جلوس پلاسٹک مارکیٹ،ڈینسوہال،لائٹ ہائوس، جامع کلاتھ مارکیٹ،سعید منزل،فریئر چوک اور ناصرہ اسکول سے گزرتا ہوا مسجد گلزار حبیب پر اختتام پذیر ہوگا۔ 12 ربیع الاول کا دوسرا مرکزی جلوس جماعت اہلسنّت کے سربراہ شاہ عبدالحق قادری کی زیر قیادت دوپہر 3 بجے میمن مسجد کھارادر سے شروع ہوکر براستہ ایم اے جناح روڈ کیپری لائٹ سگنل نمائش چورنگی سے گزرتا ہوا نشتر پارک پر اختتام پذیر ہوگا۔ٹریفک پولیس کے مطابق جیسے ہی جلوس شہید مسجد اور میمن مسجد سے روانہ ہوگا کسی بھی قسم کی ٹریفک کو لی مارکیٹ، آغا خان جماعت خانہ،جی الانہ روڈ،کھارادر اور مائی کولاچی سے ایم اے جناح روڈ کی جانب جانے کی اجازت نہیں ہوگی اور ٹریفک کو متبادل راستوں پر موڑ دیا جائے گا۔جلوس کے روٹ میں آنے والی گلیوں اور سڑکوں کو بھی رکاوٹیں لگا کر مکمل بند کردیا جائے گا۔