میلاد النبیؐ مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی
کراچی(اے پی پی) ملک بھر کی طرح شہر قائد میں بھی میلاد النبیؐ مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے ۔جلوسوں اور مجالس میں ہزاروں عاشقان رسولؐ نے شرکت کی۔
میلاد النبیؐ کا مرکزی جلوس میمن مسجد سے برآمد ہوا جو روایتی راستوں سے ہوتا ہوا نشتر پارک پر اختتام پذیر ہوا۔ نگراں وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب کے ہمراہ مرکزی جلوس میں شرکت کرکے سکیورٹی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ جلوس کے شرکا کے لئے جلوس کے روٹ اور دیگر مقامات پر ٹھنڈے پانی، شربت اور دیگر کھانے پینے کی اشیا فراہم کرنے کے لیے کیمپس بھی لگائے گئے تھے ۔ممتاز مذہبی سکالرز نے مختلف اجتماعات میں حضور نبی اکرم ؐ کی حیات طیبہ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حضور ؐ کی حیات طیبہ ہم سب کے لئے مشعل راہ ہے ۔پولیس اور رینجرز کی تعیناتی کے ساتھ میلاد النبی ؐ کے جلوسوں کی سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے ۔ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری مرکزی جلوس کے روٹ، اجتماع کے مقامات، مساجد اور دیگر اہم مقامات پر تعینات تھی۔سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نے بھی شہر کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے اقدامات کیے جبکہ مرکزی جلوس کے روٹ پر صفائی کا خصوصی اہتمام کیا گیا جس کے تحت صفائی کو یقینی بنانے کے لیے روٹ پر صفائی کا عملہ تعینات کیا گیا۔