ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن کا معاملہ بلاتاخیر نمٹانے کی ہدایت

ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن کا معاملہ بلاتاخیر نمٹانے کی ہدایت

حیدرآباد(نمائندہ دُنیا) انسپکٹر جنرل (ٹریژری) سندھ غلام مرتضی شیخ نے سرکاری محکموں کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن سمیت دیگر متعلقہ امور کوبلا تاخیر نمٹائے جانے کو یقینی بنائیں ۔۔

جبکہ ڈسٹرکٹ اکاؤ نٹس آفس میں پنشنرز کے لیے بلاجواز مسائل پیدا کرنے والے افسران و عملے کے خلاف تحریری طور پر موصول ہونے والی شکایات کی انکوائری کی جائے تاکہ ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جاسکے ۔وہ ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کی پنشن اور دیگر متعلقہ امور سے متعلق شہباز ہال حیدرآباد میں منعقدہ ایک کھلی کچہری سے خطاب کر رہے تھے ۔انہوں نے اکاؤ نٹس آفس اور دیگر محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ پنشنرز کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور اس ضمن میں باہمی روابط قائم کریں۔انہوں نے کہا کہ نگراں وزیر اعلی سندھ کی ہدایت پر تمام اضلاع میں پنشنرز کے مسائل سننے اور ان کے فوری حل کے لیے کھلی کچہریاں منعقد کی جا رہی ہیں، ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس دفاتربشمول حیدرآباد میں ریٹائرڈ ملازمین کی فہرست آویزاں کی گئی ہیں ان کی پنشن کے کیس ترتیب وار نمٹائے جائیں گے ۔کھلی کچہری میں ایک سائل کی جانب سے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس حیدرآباد کے 2ملازمین مجاہد ٹانوری اورامام بخش کی جانب سے پنشن کا کیس حل کرنے لئے بھاری رشوت طلب کرنے کا الزام عائد کیا جس پر انسپکٹر جنرل ٹریژری نے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر حیدرآباد کو اس معاملے کی انکوائری کرنے کا حکم دیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں