دیور نے بھابھی اور اس کے دوست کو قتل کر دیا

دیور نے بھابھی اور اس کے دوست کو قتل کر دیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی کے علاقے منگھوپیر میں غیرت کے نام پر گھر کے اندر فائرنگ کرکے دیور نے بھابھی اور اس کے دوست کو قتل کردیا۔پولیس نے ملزم کو موقع سے گرفتار کرکے پستول برآمد کرلیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ منگھوپیر کے علاقے یار محمد گوٹھ میں پیش آیا جہاں ملزم علی خان نے فائرنگ کرکے اپنی بھابھی اور اس کے دوست کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔مقتولین کی شناخت 35 سالہ نواب خان ولد حکم خان اور 30 سالہ شہزادی زوجہ شیر گل کے نام سے ہوئی ۔پولیس نے بتایا کہ واقعہ غیرت کے نام پر پیش آیا۔ فائرنگ کرنے والے ملزم علی خان کو جائے وقوعہ سے گرفتار کرکے واردات میں استعمال ہونے والا پستول برآمد کرلیا گیا ہے ۔پولیس کے مطابق ملزم علی خان نے دوران تفتیش بتایا کہ اس کی بھابھی کے اپنے پڑوسی نواب خان سے تعلقات تھے تاہم آج رات جب نواب اس کی بھابھی سے ملنے اس کے گھر پہنچا تو ملزم نے گھر میں داخل ہوکر دونوں کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔پولیس نے بتایا کہ مقتولہ شہزادی کے شوہر کا کچھ عرصہ قبل ہی انتقال ہوا ہے ۔ مقتولہ کے تین بچے ہیں جبکہ مقتول نواب خان غیر شادی شدہ اور پیشے کے اعتبار سے مزدور تھا ۔ مقتولین کا آبائی تعلق وزیرستان سے تھا۔پولیس نے مزید بتایا کہ مقتولین کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ واقعہ کے حوالے سے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں