وزیرنجکاری کا اسٹیل ملز کو اسکریپ قرار دینا قابل مذمت،پاسلو

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاسلو یونین کے صدر عاصم بھٹی اورجنرل سیکرٹری علی حیدر گبول نے کہا ہے کہ پاکستان اسٹیل ملز ملک کا سب سے بڑا صنعتی کمپلیکس ہے ، اس کی بحالی ہی حکومت کا واحد آپشن ہونا چا ہیے۔۔
وزیر نجکاری کی جانب سے اسٹیل ملز کو اسکریپ قرار دے کر اس کی جگہ پروسیسنگ زون بنانے کا بیان قیمتی زمینوں اور دیگر اثاثہ جات کی بندر بانٹ کا منصوبہ ہے ۔ گزشتہ روز اپنے مشترکہ بیان میں صدر پاسلو یونین عاصم بھٹی اور جنرل سیکرٹری علی حیدر گبول نے نگران وزیر نجکاری کے حالیہ انٹرویو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اسٹیل ملز کی بندش یا نجکاری کے نام پر کھربوں کے اثاثہ جات پر قبضہ کرنے کا منصوبہ کامیاب نہیں ہونے دیں گے ، حکومت اسٹیل ملز کی بحالی کے لیے عملی اقدامات اٹھائے ، ملازمین کے نمائندوں کو بحالی کے عمل میں اعتماد میں لیا جائے ۔صدر پاسلو یونین عاصم بھٹی اور جنرل سیکرٹری علی حیدر گبول نے مزیدکہا کہ اسٹیل ملز حکومتوں کی بروقت فیصلہ سازی کے فقدان، کرپشن و بدعنوانیوں کے باعث بند ہوئی، وزیر نجکاری سب سے پہلے اسٹیل ملز کی بندش کی وجوہات پر تحقیقات کروائیں، ملز کی زمینوں سے قبضہ مافیا کا قبضہ چھڑایا جائے ،ملازمین کے مالی واجبات کی ادائیگی اور روزگار کا تحفظ کیا جائے ،پروفیشنل سی ای او اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کا تقرر کیا جائے ،برطرف ملازمین کو بحال کیا جائے ۔