سابقہ حکمرانوں سے قوم مایوس ہوچکی ،احمدندیم اعوان
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان مرکزی مسلم لیگ کراچی کے صدراحمدندیم اعوان نے کہا ہے کہ سابقہ حکمرانوں سے قوم شدید مایوس ہوچکی ہے ۔ آزمائے ہوئے لوگوں کو دوبارہ آزمانہ ملک و قوم سے دشمنی کے مترادف ہے ۔
مرکزی مسلم لیگ پاکستان میں عملاً خدمت کی سیاست کرنے والی جماعت ہے جس کے قول و فعل میں کوئی تضاد نہیں ،ہر شہری کے لیے مرکزی مسلم لیگ کے دروازے کھلے ہیں۔ہماری جماعت پڑھے لکھے ایماندار اور ملک و ملت سے محبت کرنے والے امیدواروں کو میدان میں اتارے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے انتخابی حلقہ PS97کے کارکنان سے مجلس کے دوران کیا ۔اس موقع پر پاکستان مرکزی مسلم لیگ کراچی کے صدراحمدندیم اعواننے ڈپٹی میئر کراچی کے حلقے میمن گوٹھ میں 2سالہ معصوم بچی مسکان کے کھیلتے ہوئے کھلے گٹر میں گرکر جاں بحق ہونے والے دلخراش واقعے پر دلی دکھ کااظہار بھی کیا ۔ان کا کہنا تھا کہ شہر بھر میں کھلے گٹر موت کے کنویں بن چکے ہیں۔ڈپٹی میئر کے حلقے میمن گوٹھ میں رواں سال یہ دوسرا واقعہ ہے ۔احمدندیم اعوان کا کہنا تھا کہ کراچی کو سنوارنے کے بلندوبانگ دعوے کرنے والے میئر و ڈپٹی میئر اپنے حلقے کے عوام کو بھی سہولت فراہم نہیں کرپارہے ہیں ،مسلسل معصوم بچوں کا گٹروں میں گر کر اموات کے واقعات لمحہ فکریہ ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ معصوم بچی کے والدین سے دلی ہمدردی کا اظہار اور صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔