ورکنگ ویمن کیلئے آئی ٹی کورسز شروع کریں گے ،حافظ نعیم
کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ الخدمت بنو قابل آئی ٹی پروجیکٹ کراچی کے نوجوانوں کیلئے امید، روشنی کی کرن ہے ، ہزاروں لڑکے اور لڑکیاں الخدمت کے مفت آئی ٹی کورسز سے استفادہ کر رہے ہیں،ورکنگ ویمن کے لیے آئی ٹی کورسز شروع کرینگے ۔
جماعت اسلامی کو جب بھی موقع ملا کراچی میں آئی ٹی یونیورسٹی بنائیں گے ۔ الخدمت بنو قابل پروجیکٹ میں خواتین رضاکاروں کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ الخدمت غزہ میں بھی خدمات انجام دے رہی ہے ، حکمرانوں اور حکمران پارٹیوں نے حماس کے مزاحمت کاروں اور اہل فلسطین کے لیے عملاً کچھ نہیں کر کے اسرائیل اور امریکا کو سپورٹ کیا ہے ، امریکی و یورپی عوام کی طرح ہمارے عوام بھی ان سیاسی پارٹیوں کا بائیکاٹ کریں جنہوں نے اہل غزہ کیلئے عملاً کچھ نہیں کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت بنو قابل پروجیکٹ میں خدمات سرانجام دینے والی خواتین رضاکاروں کے اعزاز میں ادارہ نور حق میں منعقد ہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ نعیم نے کہا کہ الخدمت بنو قابل نے سندھ ٹیکنیکل ایجوکیشن بورڈ سے معاہدہ کیا ہے جس کے مطابق تمام کورس پاس کرنے والوں کوسندھ ٹیکنیکل ایجوکیشن بورڈ کی سند دی جائے گی،جو نوجوان الخدمت بنو قابل پروجیکٹ کے تحت 3آئی ٹی کورسز پاس کریں گے انہیں ڈپلومہ کی سند دینگے ۔