کے الیکٹرک کوقومی تحویل میں لیا جائے ،حافظ نعیم الرحمن

کے الیکٹرک کوقومی تحویل میں لیا جائے ،حافظ نعیم الرحمن

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی نے ذاتی مقاصد اور سیاسی مفادات کے لیے مل کر کراچی کو تباہ و برباد کیا۔

 شہر کو دہشت گردی، بھتہ خوری اور بوری بند لاشوں کا تحفہ دینے والے پھر وہی زبان استعمال کر رہے ہیں۔کے الیکٹرک کے حوالے سے ہمارا دو ٹوک موقف ہے کہ اس کا لائسنس منسوخ کرکے مزید توسیع ہر گز نہ کی جائے ، اسے قومی تحویل میں لے کر 18سال کا فارنزک آڈٹ کرایا جائے ۔ بجلی کی ترسیل کے لیے دیگر کمپنیوں کو مدعو کیا جائے ، کلاء بیک کی مد میں اہل کراچی کی 50ارب سے زائد رقم واپس دلوائی جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری جنرل منعم ظفر خان، سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری بھی موجود تھے ۔علاو ہ ازیں حافظ نعیم الرحمن نے کے الیکٹرک کے لائسنس کی تجدید کے لیے اسلام آباد میں ہونے والی نیپرا کی سماعت میں آن لائن شرکت کی اور لائسنس تجدید نہ کرنے کا مطالبہ کیا۔ سماعت میں جماعت اسلامی کی جانب سے پبلک ایڈ کمیٹی کے الیکٹرک کمپلنٹ سیل کے انچارج عمران شاہد نے بھی شرکت کی۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ شہر میں اس وقت اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں مستقل اضافہ ہوتا جارہا ہے ،مجموعی طور پر امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے عملا کوئی کام نہیں کیا جارہا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں