سرکاری اسکولوں کے مرمتی کام کیلئے 70کروڑ روپے جاری

سرکاری اسکولوں کے مرمتی کام کیلئے 70کروڑ روپے جاری

کراچی (رپورٹ:احسن چانڈیو) محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے کراچی کے سرکاری اسکولوں کے لئے 70 کروڑ کی رقم جاری کردی گئی، اس خطیر رقم سے کراچی کے 100 سرکاری اسکولوں کے مرمتی کام کرائے جائیں گے۔

 سندھ حکومت کی منظوری کے بعد محکمہ تعلیم سندھ نے سالانہ ڈیولپمنٹ بجٹ سے 70 کروڑ کی رقم جاری کردی ہے ، شہر کراچی کے سرکاری اسکولوں میں گزشتہ کئی سالوں سے مرمت یا رینوویشن کا کام نہیں ہوسکا ہے ، جس کے باعث زیادہ تر سرکاری اسکولوں کی حالت انتہائی خراب ہو چکی ہے ۔شہر کے متعدد علاقے ہیں جہاں سرکاری اسکولوں میں پینے کے صاف پانی، واش روم اور فرنیچر جیسی بنیادی سہولیات موجود ہی نہیں ہیں، اورنگی ٹاؤن، کیماڑی، میمن گوٹھ، کورنگی، ملیر، گڈاپ ٹاؤن، بن قاسم ٹاؤن اور ناگن چورنگی کے سرکاری اسکولوں میں کلاس روم کی چھتیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، جبکہ اسکولوں کی چار دیواری سمیت مین گیٹ بھی موجود نہیں، بنیادی سہولیات نہ ہونے کے سبب گزشتہ سالوں میں بچوں کی بڑی تعداد نے اسکول چھوڑ کر گھر بیٹھنے کو ترجیح دی جس سے سندھ کا تعلیمی نظام متاثر ہوا۔اس حوالے سے ڈائریکٹر اسکول کراچی یار محمد بالادی نے روزنامہ دنیا کو بتایا کہ سرکاری اسکولوں کی حالت خراب ہے ، گزشتہ دس سال سے کوئی مرمتی کام نہیں ہوا، گزشتہ دور میں جو کام کسی وجہ سے رکا ہوا تھا وہ بھی شروع کرادیا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں