غیر قانونی تعمیرات ،بلڈر اور دیگر افراد کیخلاف مقدمات درج

 غیر قانونی تعمیرات ،بلڈر اور دیگر افراد کیخلاف مقدمات درج

کراچی (اسٹاف رپورٹر )شہر میں غیر قانونی تعمیرات کے تدارک کیلئے ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ۔ ڈی جی ایس بی سی اے کے احکامات پر ضلع شرقی کے متعلقہ ایس بی سی اے افسران کی جانب سے غیر قانونی تعمیرات میں ملوث بلڈر اور دیگر افراد کے خلاف دو مقدمات درج کرادئیے گئے ۔

تفصیلات کے مطابق ڈی جی ایس بی سی اے کی ہدایت پر ضلع شرقی میں غیر قانونی تعمیرات کرنے پر دو مقدمات محمود آباد اور سولجر بازار تھانہ میں درج کرادئیے گئے ہیں ۔ جس میں بلڈر سمیت دیگر افراد کو بھی نامزد کیا گیا ہے ۔ ایس بی سی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ضمیر ایوب کی مدعیت میں سولجر بازار تھانے میں مقدمہ درج کرایا گیا ہے ۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزم بلڈر نے جعلی دستاویزات کے ذریعے غیر قانونی فلیٹس تعمیر و فروخت کیے ۔ جبکہ محمودآباد تھانہ میں بلڈنگ انسپکٹر جاوید احمد کی مدعیت میں غیر قانونی تعمیرات میں ملوث تین افراد کے خلاف مقدمہ درج کرایا گیا ہے ۔ ملزمان نے محمودآباد میں 4 منزلہ غیر قانونی عمارت تعمیر کی ۔ حکام کے مطابق ملزمان نے جعلی نقشہ کے ذریعہ عمارت تعمیر اور فلیٹس فروخت کئے گئے ہیں ۔ جبکہ عدالت کی جانب سے غیر قانونی رہائشی عمارت کے خلاف کارروائی کے احکامات جاری کر رکھے ہیں ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں