قوم کی ترقی میں سائنسی تحقیق کا کردار کلیدی،ڈاکٹر عطا الرحمن

قوم کی ترقی میں سائنسی تحقیق کا کردار کلیدی،ڈاکٹر عطا الرحمن

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سابق وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی ڈاکٹر عطا الرحمن نے کہا ہے کہ کسی بھی قوم کی ترقی و کامیابی میں سائنسی تحقیق کا کردار انتہائی کلیدی ہوتا ہے ، مختلف امراض بالخصوص سرطان کے علاج میں قدرتی مرکبات کا کردار بھی اہم ہے ۔

یہ بات انہوں نے منگل کو ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیور میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ (پی سی ایم ڈی) جامعہ کراچی کے زیرِ اہتمام بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم(آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی میں مالیکیولر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ کے موضوع پرجاری4روزہ آٹھویں بین الاقوامی سمپوزیم کم ٹریننگ کورس کے پہلے لیکچر کے دوران کہی۔ سمپوزیم کے دوسرے روزبرطانوی ڈرہم یونیورسٹی کے ڈاکٹرپال ڈبلیو ڈینی نے بین الاقوامی سمپوزیم میں لیشمینیس جیسے جلدی مرض پر بین الاقوامی سطح پر موجود غفلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا لیشمینیس ایک نظرانداز کیا گیا ٹروپکل مرض ہے جو لیشمینا کی کسی خاص نوع سے پیداہوتا ہے ، پاکستان سمیت دنیا بھر کے لاکھوں افراد کی صحت خطرے میں ہے ۔کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چودھری نے اپنے لیکچر میں کہا کہ دنیا میں چھاتی کا سرطان انسانی اموات کا سب سے بڑا سبب ہے ، اس مرض سے دنیا بھر میں سالانہ ایک ملین سے زیادہ خواتین متاثر ہوتی ہیں۔ انھوں نے کہاعموماً چھاتی کے دو تہائی کینسر ہارمون پر منحصر ہوتے ہیں ان کی نشو نما کے لیے ایسٹروجن ہارمون کی ضرورت ہوتی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں