کمشنر کی سربراہی میں فائر سیفٹی آڈٹ کمیٹی قائم

کمشنر کی سربراہی میں فائر سیفٹی آڈٹ کمیٹی قائم

کراچی (اسٹاف رپورٹر)نگراں وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر کمشنر کراچی کی سربراہی میں فائر سیفٹی آڈٹ کمیٹی قائم کر دی گئی ہے تمام ڈپٹی کمشنرز، ٹاؤن میونسپل کمشنرز، بلڈنگز کنٹرول اتھارٹی، کنٹونمنٹ بورڈز محکمہ سول ڈیفنس، پاکستان رینجرز، پولیس، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، بلدیہ عظمیٰ،کے ڈی اے ، ایم ڈی اے ، ریسکیو1122، کے افسران، کے الیکٹرک سائٹ اور آباد کے نمائندے کمیٹی کے ارکان مقرر کئے گئے ہیں۔

کمشنر کراچی محمد سلیم راجپوت نے تمام ڈپٹی کمشنرزاور متعلقہ محکموں اور اداروں کو شہر میں موجود تمام بلند عمارتوں کا فائر سیفٹی آڈٹ کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ منگل کو کمشنر کراچی محمد سلیم راجپوت کی صدارت میں ان کے دفتر میں اجلاس منعقد ہو ا جس میں تمام متعلقہ اداروں اور انتظامیہ کے افسران نے شرکت کی۔ کمشنر نے کہا کہ شہر میں موجود تما م بلند تجارتی رہائشی اور سرکاری عمارتوں کا فائر سیفٹی آڈٹ کیا جائے گا تاکہ مستقبل میں بلند عمارتوں میں فائر کے واقعات کی روک تھام کے موثر اقدامات کئے جاسکیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تما م اداروں کے افسران اپنے ٹیکنکل عملہ اور ما ہرین کے ہمراہ دورہ کرکے فائر سیفٹی تقاضوں کا جائزہ لیں گے اور اپنی رپورٹ کمشنر کراچی کو پیش کریں گے کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام اداارے زیادہ سے زیادہ 25 روز میں سروے دورے اورآڈٹ کاکام مکمل کرلیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام اداروں کی رپورٹ کا جائزہ لیا جائے گا فائر سیفٹی آڈٹ کے جائزے کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ کو 30 روز میں رپورٹ پیش کی جائے گی۔ کمیٹی کے قواعد اورضوابط کے مطابق تمام سیفٹی آڈٹ میں شاپنگ مالز، شاپنگ سینڑز، رہائشی سرکاری بلند عمارتوں کا جائزہ لیا جائے گا کہ عمارتوں میں مطلوبہ آٹومیٹک آگ بجھانے والے آلات، فائر سیفٹی کا میکنز م ہے یا نہیں،آگ کی صورت میں ہنگامی طور پر عمارت سے باہر نکلنے کے لئے ایمرجنسی راستے ہیں یا نہیں، الیکٹرک وائرنگ کا معیار منظور شدہ سیفٹی کے قواعد کے مطابق ہے یا نہیں۔ کمیٹی کو یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ وہ عمارتوں کابلڈنگز کنٹرول اتھارٹی کے منظور شدہ بلڈنگز پلانز کا بھی جائزہ لے کہ عمارت میں بلڈنگز قوانین پر عمل کیا جا رہا ہے یا نہیں۔ کمیٹی اپنی رپورٹ میں فائر سیفٹی کی روک تھام کے لئے اپنی تجاویز پیش کرے گی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز فوری طورپر اپنے پنے ضلع میں فائر سیفٹی آڈٹ کے سلسلہ میں متعلقہ اداروں اور محکموں کا اجلاس منعقد کر یں گے اور اقدامات کا جائزہ لیں گے اور ضلعی اور سب ڈویثرن سطح پر اسسٹنٹ کمشنرز کی نگرانی میں سروے ٹیمیں بنائیں گے ۔کمشنر نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ کمشنر کراچی کو اگلے اجلاس میں گراف، چارٹس اور تصاویر کی مدد سے پریزیٹینش کریں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں