جامعہ کراچی پاک افغان وہیل چیئر کرکٹ سیریز کی میزبان

جامعہ کراچی پاک افغان وہیل چیئر کرکٹ سیریز کی میزبان

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ٹی ٹوئنٹی ایشیاء کپ 2023 ء کی فاتح پاکستانی وہیل چیئر کرکٹ ٹیم کے سرپرست ڈاکٹر فرحت جعفری کی قیادت میں پاکستانی وہیل چیئر کرکٹ ٹیم کے کپتان ذیشان تقی پر مشتمل آٹھ رکنی وفد نے جمعرات کوجامعہ کراچی کا دورہ کیا اور جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔

دوران ملاقات وفد نے ڈاکٹر خالد عراقی کو بتایا کہ افغانستان کی وہیل چیئر کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان کا دورہ کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے اور پہلی بار دونوں کرکٹ ٹیمیں ایک روزہ بین الاقوامی میچ کی خواہش مند ہیں جوکہ وہیل چیئر کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوگا۔اس موقع پر پاکستانی وہیل چیئر کرکٹ ٹیم کے کپتان ذیشان تقی نے جامعہ کراچی کو پاک افغان کے مابین وہیل چیئرکرکٹ سیریزکی میزبانی کی درخواست کی جس پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی نے درخواست قبول کرتے ہوئے سیریز کرانے پر رضامندی ظاہر کی اورکہا کہ سیریز کے انعقاد کو آئندہ سال جنوری کے تیسرے ہفتے میں کرانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔وفد نے شیخ الجامعہ کی جانب سے اسپیشل پرسنز پرمشتمل کرکٹ ٹیم کے لئے تواترکے ساتھ تقریبات کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی اس طرح ہمہ وقت حوصلہ افزائی سے ہمارے حوصلے مزید بلند ہورہے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں