میہڑ :ڈاکو تاجروں سے 8لاکھ لے اڑے ،بائیک کو آگ لگادی

میہڑ :ڈاکو تاجروں سے 8لاکھ لے اڑے ،بائیک کو آگ لگادی

میہڑ،اندرون سندھ(نمائندگان دنیا)میہڑ تحصیل میں ڈاکوؤں نے بچل شاہ کے مقام پر سبزی منڈی کے 3 تاجروں سے اسلحے کے زور پر 8 لاکھ روپے ،موبائل فونز چھین لیے جب کہ ایک تاجر زبیر احمد بگھیو کی موٹر سائیکل کو آگ لگادی۔

اطلاعات کے مطابق تاجر زبیر احمد بگھیو ، محرم خاصخیلی اور سجاد چنہ فرید آباد سے میہڑ جا رہے تھے کہ واقعہ پیش آگیا۔ بعدازاں متاثر ہ تاجروں ودیگر نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ سے فرید آباد تھانے کو مطلع کردیا ہے۔ علاوہ ازیں بیرانی تھانے کی حدود میں نصف درجن سے زائد موٹر سائیکلوں کی چوری ،رہزنی کی وارداتوں پر پولیس کیخلاف احتجاج کیا گیا۔ انجمن تاجران جام نواز علی کے صدر غلام محمد مری ، بیرانی کے صدر میر محمد مگسی، نائب صدر وقاص احمد راجپوت و دیگر عہدیداروں نے میڈیا سے گفتگو کے دوران بتایا کہ رہزنی کی واردات کے دوران نوآباد کے سبزی فروش کو بیدردی سے قتل کیا گیا، اسی طرح پریس کلب جام نواز علی کے صدر نعیم احمد راجپوت کی موٹر سائیکل چور چرا کر لے گئے مگر بیرانی پولیس سبزی فروش کے قاتلوں کا تاحال سراغ نہ لگا سکی۔ محراب پور کے تھانے کوٹ لالو کی حدود میں اناج کے تاجر محمد یاسین چاچڑ کے بھتیجے شیراز چاچڑ سے مسلح افراد موٹر سائیکل، نقدی، موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے ۔ دوسری طرف اکری پولیس کے مطابق ایک کارروائی میں منشیات فروش محمد اسلم ولد محمد خان کو منشیات سمیت گرفتار کرلیاگیا جب کہ پولیس نے مطلوب ملزم انصاف علی ولد مہینل لاشاری کو بھی گرفتار کرلیا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں