جواریوں،منشیات فروشوں سمیت 36 ملزمان پکڑے گئے

جواریوں،منشیات فروشوں سمیت 36 ملزمان پکڑے گئے

لاڑکانہ(بیورو رپورٹ)ایس ایس پی لاڑکانہ سید عبدالرحیم شِیرازی کی ہدایات پر لاڑکانہ پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف علاقوں سے 36 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ،منشیات،مسروقہ موٹرسائیکلیں،موبائل فونز، مرغے اور نقدی برآمد کرلی ۔

تفصیلات کے مطابق رحمت پور پولیس نے بازیگر پل والے علاقے سے لاپروائی اور تیز رفتاری سے ڈرائیونگ کرنے والے ملزم الطاف عمرانی،کیٹی ممتاز پولیس نے کچے کے علاقے سکو سنتر سے مطلوب ملزم گدا ناریجو،رتودیرو پولیس نے ملزم عبدالرحمان لولائی کو اسلحہ اور گولیوں،ملزم اکبر جوگی کو اسلحہ اور کارتوسوں ، اﷲآباد پولیس نے منشیات فروش اقرار انڑ کو ایک کلو چرس،ملزم شاکر کناسرو کو ایک پاؤ چرس،مارکیٹ پولیس نے ملزم پرویز بڑدی کو شراب کی 4 بوتلوں ،ملزم فاروق جونیجو کو 3 کلو بھنگ،دڑی پولیس نے ملزم سلیم میرانی کو 520 گرام چرس،حیدری پولیس نے ملزم احسان مستوئی کو 600 گرام چرس،موریا فقیر والے علاقے میں جوئے کے اڈے پر چھاپے کے دوران 19 جواریوں کو نقدی، دو مرغوں اور 7 موبائل فونز،سول اسپتال کے قریب جوے کے اڈے پر چھاپہ کے دوران 7 جواریوں کو گرفتار کرلیاگیا۔دوسری جانب دڑی پولیس نے صغیر بروہی کی مسروقہ موٹرسائیکل اور یونیورسٹی پولیس نے محراب پور والے علاقے سے ربنواز منگی کی چوری شدہ موٹرسائیکل برآمد کرکے اصل مالکان کے حوالے کردی۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے ۔ادھر ایس ایس پی لاڑکانہ سید عبدالرحیم شِیرازی نے تھانہ ولید کا اچانک دورہ کیا ،جہاں انہوں نے روزنامچہ عام، ایف آئی آر بک، تھانے کے مختلف رجسٹرز، مالخانہ، کیس پراپرٹیز کی گاڑیوں کا معائنہ کرکے جوانوں کو ٹرن آؤٹ بہتر بنانے اور اسلحے کی صفائی اور مرمت پر زور دیا۔ دورے کے دوران ایس ایس پی لاڑکانہ نے لاک اپ کا بھی معائنہ کیا اور صفائی کے ناقص انتظامات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایس ایچ او کو ہدایت کی کہ صفائی ستھرائی کے انتظامات کو بہتر بنایا جائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں