اسپنسر آئی اسپتال،سپرنٹنڈنٹ کو جبری چھٹی پر بھیج دیا گیا

اسپنسر آئی اسپتال،سپرنٹنڈنٹ کو جبری چھٹی پر بھیج دیا گیا

کراچی(اے پی پی)میئر کراچی بیرسٹر مرتضی ٰوہاب نے عوامی شکایات پر اسپنسر آئی اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو فوری طور پر جبری چھٹی پر بھیجنے اور اسپتال کے حوالے سے ایک ہفتے میں رپورٹ پیش کرنے کیلئے یوسی چیئرمینز پر مشتمل5رکنی کمیٹی قائم کردی ہے ۔

میئر کراچی نے منگل کو اسپنسر آئی ہسپتال کا اچانک دورہ کیا۔اسپتال کے ڈاکٹرز اور عملے کی حاضری چیک کی اور او پی ڈی رجسٹر کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر میونسپل کمشنر سید افضل زیدی، میئر کراچی کے نمائندہ برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی، پیپلز پارٹی ضلع جنوبی کے صدر خلیل ہوت اور دیگر نمائندے موجود تھے ۔ بیرسٹر مرتضی وہاب نے اسپنسر آئی ہسپتال کے آپریشن تھیٹر اور ڈاکٹرز کے کمروں کا بھی معائنہ کیا اور اسپتال کی حدود میں عملے کی رہائش گاہ کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے اسپنسر آئی اسپتال کی انتظامیہ اور عملے کی ناقص کارکردگی پر سرزنش کی اور کہا کہ ایک ایکڑ سے زائد رقبے پر قائم کراچی کے اس قدیم اور اہم ترین اسپتال کا فعال نہ ہونا باعث تشویش ہے ۔ اسپنسر آئی اسپتال کے متعلق مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور ان وجوہات کا جائزہ لیا جائے گا جن کے باعث اس ہسپتال میں ماضی کی طرح امراض چشم کے مریضوں کو تسلی بخش علاج معالجے کی سہولیات دستیاب نہیں ہو رہیں۔انہوں نے اسپتال میں صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال اور سیکورٹی کے انتظامات نہ ہونے پر بھی شدید برہمی کا اظہار کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں