کورنگی میں ناجائز منافع خوروں کی 45دکانیں سربمہر

کورنگی میں ناجائز منافع خوروں کی 45دکانیں سربمہر

کراچی (رپورٹ :محمد علی حفیظ) ضلع کورنگی میں مہنگی اشیاء بیچنے والوں کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے ۔

گزشتہ تین ماہ کے دوران سرکاری نرخ نامے کے برخلاف گوشت، سبزی اور چکن فروخت کرنے والے ناجائزمنافع خوروں پر 80لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ 45دکانیں سربمہر کی گئیں۔ ڈپٹی کمشنر کورنگی سید جواد مظفر کا کہنا ہے کہ مہنگی اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر ایکشن جاری ہے ۔ ضلع میں ہر حال میں دودھ سرکاری نرخ پر 200 روپے فی کلو فروخت کروایا جارہا ہے ۔ اپنے دفتر میں دنیا نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کورنگی سید جواد مظفر نے بتایا کہ ضلع کورنگی میں کورنگی ، لانڈھی ، ملیر، ماڈل کالونی اور شاہ فیصل کالونی شامل ہیں یہاں کے تمام بازاروں ، مارکیٹوں اور دکانوں پر ایکشن کیلئے چار اسسٹنٹ کمشنرز اور چار مختار کارروزانہ فیلڈ میں جاکر قیمتیں چیک کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ ہر جگہ سرکاری نرخ نامے آویزاں ہوں اور سرکاری نرخ پر ہی عوام کو اشیاء دستیاب ہوں ۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ کمشنر کراچی ضلعی کورنگی کے افسران و عملے کی کارکردگی سے مطمئن ہیں ۔ضلع کورنگی میں موجود تمام بڑے ڈپارٹمنٹل اسٹورز میں سرکاری نرخ کے برخلاف اشیاء کی فروخت پر ایکشن لیا گیا ہے ، دو دو لاکھ روپے کے جرمانے کیے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ڈی سی کورنگی کے نام سے فیس بک اور ٹوئیٹر پر پیج ہیں جس پر عوام مہنگائی سے متعلق شکایات کرسکتے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں