جماعت اسلامی کی بجلی قیمتوں میں پھراضافے پرتشویش

جماعت اسلامی کی بجلی قیمتوں میں پھراضافے پرتشویش

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے ایک بار پھربجلی کی قیمتوں میں فی یونٹ تین روپے اضافے پرتشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے۔۔

 کہ بجلی ،گیس اورپٹرول کی قیمتوں میں کمی کے بغیرمعیشت بحال اورمہنگائی کو کم نہیں کیا جاسکتا ہے ۔گڈگورننس ،اداروں کی بہتری کے لیے اقدامات ،لائن لاسز،چوری وکرپشن کے خاتمے کی بجائے مسلسل بجلی قیمتوں میں اضافہ معیشت کاپہیہ جام اورعوام کے ساتھ سراسرظلم ہے ۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اووربلنگ کے ذریعے بجلی کمپنیوں کا عوام کی جیبوں پر675ارب کا ڈاکہ اس کا واضح ثبوت ہے کہ اس میں سابق پی ٹی آئی اورپیپلزپارٹی کی حکومتیں بھی برابرکی شریک ہیں ،احتساب میں بجلی کمپنیوں کے ساتھ ان کو بھی شامل کیا جائے ۔انہوں نے کہاکہ مغربی سامراج اور آئی ایم ایف کے تابعدار حکمران طبقے نے عوام کیلئے عزت کے ساتھ جینا بلکہ سانس لینا بھی ناممکن بنا دیا ہے ۔ ملک اشرافیہ اور اسٹیبلشمنٹ کیلئے تجربہ گاہ بنادیا گیا ہے لیکن یہ تمام تجربات ناکامی سے دوچار ہو گئے ہیں اب ملک کی ترقی،عوامی مسائل سے نجات کیلئے دیانتدار اور مخلص قیادت کو منتخب کرنا ہی واحد حل ہے ۔انہوں نے کہا کہ قوم اس طرح کے ظالمانہ فیصلوں کو ہرگز قبول نہیں کرے گی۔سابقہ اور موجودہ حکمرانوں نے آئی ایم ایف کی زنجیروں کو قوم کی گردن میں ڈالا ہوا ہے ،عوام  خاموش تماشائی بننے کے بجائے 8فروری کو ووٹ کے ذریعے دیانتدار اور محب وطن قیادت کو منتخب کرکے انتقام لیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں