ٹراما سینٹر کے اطراف ٹریفک جام ، فائر بریگیڈ کیلئے مشکلات

 ٹراما سینٹر کے اطراف ٹریفک جام ، فائر بریگیڈ کیلئے مشکلات

کراچی (این این آئی)سول اسپتال کراچی کے ٹراما سینٹر کے اطراف مستقل طور پر رہنے والے ٹریفک جام نے شہریوں کے ساتھ محکمہ فائر بریگیڈ کے لیے بھی مشکلات پیدا کردی ہیں۔

کسی بھی ہنگامی صورت حال میں نکلنے والی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں اس ٹریفک جام کی وجہ سے بروقت جائے حادثہ پر پہنچنے میں ناکام رہتی ہیں،ڈپٹی چیف فائر آفیسر نے ڈپٹی کمشنر جنوبی کو مراسلہ ارسال کرکے شکایت کا ازالہ کرنے کی اپیل کی ہے ۔تفصیلات کے مطابق فائربریگیڈ ڈپارٹمنٹ کے ایم سی کے ڈپٹی چیف فائر آفیسر نے ڈپٹی کمشنر جنوبی کے نام ایک خط میں کہا ہے کہ مین ٹراما سینٹر سوال کے اطراف ٹریفک جام ہونے کی وجہ سے ان کے محکمے کے لیے کام کرنے میں مشکلات درپیش ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی کی صورت میں یہاں سے فائربریگیڈ کی گاڑیاں نکالنے میں بہت پریشانی ہوتی ہے اور فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو آگ لگنے والے مقامات پر پہنچنے میں تاخیر ہوجاتی ہے ۔ادھر علاقہ مکینوں نے کہا کہ فائر اسٹیشن کے اطراف غیرقانونی پارکنگ رکشہ اسٹینڈ اور ہوٹل ہیں جن کی وجہ سے ٹریفک جام ہوتا ہے ۔ فائر بریگیڈ اور ایمبولینس بھی اس ٹریفک جام میں پھنس جاتی ہیں جبکہ علاقہ مکین بھی اس کی وجہ سے شدید پریشانی میں مبتلا ہیں ۔انہوں نے نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر)مقبول باقر سے اپیل کی کہ وہ صورت حال کا ازخود جائزہ لے کر مسائل کے تدارک کے لیے احکامات جاری کریں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں