رینجرز اور واٹرکارپوریشن کی کارروائی،غیر قانونی کنواں مسمار ، 6کنکشن منقطع

رینجرز اور واٹرکارپوریشن کی کارروائی،غیر قانونی کنواں مسمار ، 6کنکشن منقطع

کراچی (اسٹاف رپورٹر )پاکستان رینجرز (سندھ) اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کارپوریشن کا غیر قانونی پانی چوری کے خلاف مشترکہ گرینڈ آپریشن دوسرے مرحلے میں داخل ہوگیا۔ آپریشن نیو کراچی کے علاقے گودھرا کالونی سیکٹر 11ای میں کیا گیا۔

غیر قانونی کنکشن کے ذریعے پینے کا صاف پانی ٹینکر کے ذریعے فروخت کیا جا رہا تھا۔کارروائی کے دوران ایک غیر قانونی کنویں کو مسمار کر کے 6غیر قانونی کنکشن کاٹ کر سیل کر دیئے گئے ۔ یومیہ 5لاکھ گیلن پانی چوری ہوتا تھا جس کے نتیجے میں تقریبا 4ًکروڑ روپے سالانہ قومی خزانے کو نقصان ہو رہا تھا۔ کارروائی کے دوران 6عدد سمر پمپ اور بھاری مقدار میں پائپ ضبط کر لیے گئے۔ پاکستان رینجرز(سندھ) مجموعی طور پر ابتک 93 آپریشنز میں 204 غیرقانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 29 کو سربمہر اور 175 کو مسمار کر کے ملزمان کو گرفتار کر چکی ہے ۔ پاکستان رینجرز (سندھ)غیر قانونی ہائیڈرنٹس اور میٹھے پانی کی چوری کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رکھے گی

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں