ایس بی سی اے کرپٹ ترین ادارہ بن گیا،سرداررحیم

ایس بی سی اے کرپٹ ترین ادارہ بن گیا،سرداررحیم

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل سردار عبدالرحیم نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عرشی شاپنگ پلازہ کے متاثرین و سانحے میں جاں بحق اور زخمی ہو نیوالوں کی فوری طور پر مالی امداد کی جائے ۔

ان خیالات کا انہوں نے فنکشنل لیگ ضلع سینٹرل کے صدر ارمان فیاض اور سیکریٹری جنرل ذاکر علی پٹنی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی غفلت اور نااہلی کے باعث کراچی شاپنگ سینٹرز میں آئے روز آتش زدگی کے واقعات رونما ہو رہے ہیں ، ایس بی سی اے ایک کرپٹ ترین ادارہ بن چکا ہے جو صرف پیسے بٹورنے میں مشغول ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شاپنگ سینٹر میں آگ لگنے کے باعث دکانداروں اور رہائشی لوگوں کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا ہے لہٰذا سندھ حکومت فی الفور متاثر افراد کو ہونے والے نقصان کا ازالہ کرتے ہوئے ان کو مالی مدد فراہم کرے اور سانحے میں بیگناہ شہریوں کی جاں بحق اور زخمی ہو نیوالوں کے ورثاء کو فوری طور پر مالی امداد فراہم کرے ،ہم اس دکھ کی گھڑی میں ورثاء سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کے درجات بلند فرمائے اور ورثاء کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔انہوں نے ضلع سینٹرل کے رہنماؤں اور کارکنان کو ہدایت کی کہ اس دکھ کی گھڑی میں دکانداروں اور دیگر متاثرین کی امداد میں کوئی کسر نہ چھوڑیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں