اسکولوں میں طلبہ کو فنی تعلیم بھی دینی چاہیے ،یونس ڈھاگا

اسکولوں میں طلبہ کو فنی تعلیم بھی دینی چاہیے ،یونس ڈھاگا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے نگراں وزیر ریونیو،انڈسٹریز و کامرس محمد یونس ڈھاگا نے سندھ بوائے اسکاؤٹس کمپلیکس کراچی کے آڈیٹوریم میں منعقدہ تقریب کے دوران میٹرک میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے صوبے کے پسماندہ علاقوں کے طلباء و طالبات کو مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے تعریفی اسناد و تحائف پیش کیے ۔

 یہ طلبہ غیر منافع بخش ادارے گرین کریسنٹ ٹرسٹ(جی سی ٹی)کے پسماندہ علاقوں میں موجود فلاحی اسکولوں سے فارغ التحصیل ہوئے ۔اس موقع پر محمد یونس ڈھاگا نے کہا کہ جی سی ٹی نے تعلیم کے فروغ کے لئے جو کام کیا ہے وہ قابل ستائش اور لائقِ تقلید ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اسکولوں میں ساتویں جماعت سے فنی و تیکنیکی تعلیم بھی دینی چاہیے ۔ تقریب میں نگراں وزیر قانون بیرسٹر عمر سومرو اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ محمد اقبال میمن نے بھی مہمانانِ اعزازی کی حیثیت سے شرکت کی اور طلباء و طالبات میں اسناد و انعامات تقسیم کیے ۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر گرین کریسنٹ ٹرسٹ زاہد سعید نے مہمانوں کو بریفنگ کے دوران بتایا کہ جی سی ٹی فلاحی ادارہ ہے جو گزشتہ 29 برس سے صوبے کے پسماندہ علاقوں میں تعلیم اور خواندگی کے فروغ کیلئے سرگرم عمل ہے اور یہ ابتک 166 فلاحی اسکول قائم کرچکا ہے اور ان اسکولوں میں 31700 بچے زیر تعلیم ہیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں