حفظان صحت سے متعلق آگاہی مہم شروع کرنے کا فیصلہ

حفظان صحت سے متعلق آگاہی مہم شروع کرنے کا فیصلہ

کراچی(آن لائن)سندھ فوڈ اتھارٹی نے حفظان صحت کے اصولوں پر آگاہی فراہم کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔یہ مہم GRASP یورپین یونین کے فنڈ سے چلنے والی تنظیم کے تعاون سے شروع کی جائے گی۔

منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق آگاہی مہم شروع کرنے کا فیصلہ ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی آغا فخر حسین کی زیر صدارت ایک اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا جس میں انٹرنیشنل ٹریڈ سینٹر کے عہدیداران ثاقب علی خان ،آئی ٹی سی کنسلٹنٹ عمر تارڑ ، عالیہ کمیونیکیشن ایڈوائزر اور دیگر بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی آغا فخر حسین نے بتایا کہ آگاہی مہم کا مقصد عوام میں حفظان صحت کے اصولوں اور متوازن غذائیت والی خوراک سے متعلق آگاہی فراہم کرنا ہے ۔آگاہی مہم کو کامیاب بنانے اور اپنے اہداف حاصل کرنے کے لئے ابلاغ کے تمام ممکنہ ذرائع استعمال کئے جائیں گے ۔ ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی آغا فخر حسین نے مزید بتایا کہ حفظان صحت سے متعلق آگاہی مہم میں تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو بھی شامل کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ کھانے پینے کے کاروبار سے وابستہ اور عام افراد کو فوڈ سیفٹی کے بارے میں بھرپور آگاہی فراہم کی جائے گی۔ اس موقع پر گریپس کے عہدیداران نے ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی آغا فخر حسین کو آگاہی مہم کی کامیابی کے لئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں