آئی جی ٹاسک فورس کا چھاپہ،بھاری مقدار میں شراب ضبط

 آئی جی ٹاسک فورس کا چھاپہ،بھاری مقدار میں شراب ضبط

ٹنڈو آدم،اندرون سندھ(نمائندگان دنیا) آئی جی سندھ کی جانب سے منشیات و سماجی برائیوں کے خلاف قائم ٹاسک فورس نے جام نواز علی کی حدود میں شراب کے کارخانے پر چھاپہ مار کر بھاری مقدار میں وسکی و کچی شراب برآمد کرکے پانچ افراد کو گرفتار کرلیا جن کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیے گئے ۔

اطلاعات کے مطابق آئی جی سندھ ٹاسک فورس ڈسٹرکٹ سانگھڑ کے انچارج و ٹنڈوآدم کے ڈی ایس پی محمد موسی ابڑو کی سربراہی میں فیکٹری پر چھاپہ مار کر کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں تیار و غیر تیار شدہ شراب کی 70سے زائد بوتلیں برآمد کرکے علی بہار کندائی، شیر خان کندائی،معشوق ماچھی سمیت پانچ ملزموں کو گرفتار کرکے جام نواز علی تھانے پر مقدمہ درج کرلیاگیا۔ پنگریو میں پولیس نے 2 اشتہاری اور ایک روپوش سمیت 8 منشیات فروش کو گرفتار کرلیاجن کے قبضے سے سیکڑوں لٹر شراب ضبط کرلی گئی۔ جیکب آباد پولیس نے ضلع کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 7روپوش اشتہاری و مطلوب ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق صدر تھانہ کی پولیس نے مختلف مقدمات میں پولیس کو مطلوب 2روپوش ملزمان نبی بخش لاشاری اور منیر تھیم کو گرفتار کرلیا، علاوہ ازیں آباد تھانہ کی پولیس نے 3روپوش ملزمان بھورل پہنور، عبدالقادر پہنور اور شاہ محمد پہنور کو گرفتار کرلیا، ایک اور کارروائی میں سی آئی اے پولیس نے قتل کیس میں مطلوب اشتہاری ملزم گل میر بروہی کو دمب تھرڑی کے قریب سے گرفتار کرکے ٹی ٹی پستول برآمد کرلی جبکہ سٹی تھانہ کی پولیس نے مطلوب ملزم اشرف علی بھٹی کو گرفتار کرلیا۔ سکھر پولیس نے تین منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے چرس ودیگر اشیاء برآمدکرنے کے بعد مقدمات درج کرلیے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں